
سعودی وزارت شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق رواں برس 16 لاکھ 73 ہزار 230 خوش نصیبوں نے حج کی سعادت حاصل کی۔
رپورٹ کے مطابق 16 لاکھ 70 ہزار سے زائد حجاج میں سے 15 لاکھ 6 ہزار 576 عازمین 171 مختلف ممالک سے تشریف لائے جبکہ سعودی عرب کے اندر سے ایک لاکھ 66 ہزار 654 افراد نے فریضہ حج ادا کیا۔
سعودی حکومت کی جانب سے بتایا گیا کہ حج کی سعادت حاصل کرنے والوں میں 8 لاکھ 77 ہزار 841 مرد جبکہ 7 لاکھ 95 ہزار 389 خواتین شامل تھیں جو کہ تاریخ کا ایک متوازن تناسب ہے۔
خیال رہے کہ جمعرات کے روز حج کے رکنِ اعظم وقوف عرفہ کی ادائیگی مکمل ہوئی جس کے بعد حجاج کرام کی مزدلفہ روانگی ہوئی، مزدلفہ میں حجاج کرام نے مغرب اور عشاء کی نمازیں قصر و جمع کر کے ادا کیں۔
خطبہ حج میں فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے لیے خصوصی دعا کی گئی، "اے اللہ! فلسطینیوں کو امن عطا فرما اور دشمنوں پر انہیں غالب کر دے"۔
فجر کے بعد حجاج منٰی روانہ ہوئے، جہاں رمیٔ جمرات (کنکریاں مارنا)، قربانی اور احرام کھولنے کے مناسک ادا کیے گئے۔