
بھارتی چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل انیل چوہان نے سنگاپور میں جاری شنگریلا ڈائیلاگ میں بلومبرگ ٹیلی ویژن کو انٹریو دیتے ہوئے اعتراف کیا کہ مئی میں پاکستان کے ساتھ جھڑپوں میں بھارت کے طیارے تباہ ہوئے، اہم بات یہ نہیں کہ طیارے گرائے گئے بلکہ یہ کہ وہ کیوں گرائے گئے، نمبر اہم نہیں ہوتے، تاہم انھوں نے یہ نہیں بتایا کہ انڈیا نے کتنے طیارے کھوئے۔
پاکستان کی جانب سے انڈین طیارے گرائے جانے کے دعوے کی اس سے قبل انڈیا نے تصدیق یا تردید نہیں کی تھی اور انڈیا کے خارجہ سیکریٹری وکرم مسری نے ایک پریس بریفنگ میں کہا تھا کہ وہ اس بارے میں جواب صحیح وقت پر دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکہ جنگ کرنیوالے ممالک کیساتھ تجارت نہیں چاہتا: ٹرمپ
خیال رہے پاکستان نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب انڈیا کے 6 طیارے مار گرائے جن میں تین رفال بھی شامل ہیں۔
اب بھارتی آرمی چیف کے اعتراف کے بعد نہ صرف پاکستان کے مؤقف کو عالمی سطح پر تقویت ملی ہے بلکہ بھارت کی جانب سے حقیقت چھپانے کی کوشش بھی بے نقاب ہو گئی ہے۔
دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارت کی خاموشی دراصل اندرونی دباؤ اور بین الاقوامی سطح پر شرمندگی سے بچنے کی کوشش تھی، کیونکہ رافیل جیسے جدید اور مہنگے طیاروں کا پاکستانی دفاعی نظام کے ہاتھوں گرایا جانا بھارت کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے۔
واضح رہے کہ مئی کے آغاز میں لائن آف کنٹرول کے قریب پاکستان اور بھارت کے درمیان شدید فضائی جھڑپیں ہوئیں تھیں، جن میں پاکستان نے نہ صرف بھارتی فضائی حملے پسپا کیے بلکہ جوابی کارروائی میں کئی طیارے بھی تباہ کر دیے تھے۔