خضدار: سکول وین پر بزدلانہ حملہ، معصوم بچوں سمیت 5 افراد شہید
بلوچستان کے ضلع خضدار میں ایک افسوسناک اور بزدلانہ واقعہ پیش آیا جہاں بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں نے اسکول کے بچوں کو لے جانے والی وین پر حملہ کر دیا
خضدار میں سکول بس پر حملے کے بعد کا منظر/ فائل فوٹو
خضدار: (سنو نیوز) بلوچستان کے ضلع خضدار میں ایک افسوسناک اور بزدلانہ واقعہ پیش آیا جہاں بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں نے اسکول کے بچوں کو لے جانے والی وین پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں 3 معصوم بچوں سمیت 5 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔

 پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ حملہ نہایت سفاکیت سے کیا گیا، جس کا مقصد پاکستان کے اندر عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔ آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق یہ حملہ بھارت کی ریاستی دہشتگردی کی ایک واضح مثال ہے، جو اپنی شکست کا بدلہ معصوم شہریوں پر حملوں سے لے رہا ہے۔ بھارت نے اپنی خفیہ ایجنسیوں اور ایجنٹوں کے ذریعے اس واردات کو انجام دیا، تاکہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا جیسے حساس علاقوں میں بدامنی پھیلائی جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:بلوچستان: سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 3 بھارتی سپانسرڈ دہشتگرد ہلاک

بیان میں مزید کہا گیا کہ بھارت کو میدانِ جنگ میں پے در پے شکستوں کا سامنا کرنا پڑا ہے، خاص طور پر حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں، جہاں پاکستان نے بھرپور اور موثر جوابی کارروائی کے ذریعے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے۔ اب بھارت دہشتگردوں کے ذریعے نرم اہداف، جیسے اسکول وینز اور عام شہریوں، کو نشانہ بنا رہا ہے۔
حملے کے فوراً بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی کیفیت ہے۔