
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی سپانسر شدہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے ضلع آواران کے علاقے گشکور اور کیچ میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گشکور میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی سپانسر دہشت گرد یونس ہلاک جبکہ دو بھارتی سپانسر ڈ دہشت گرد زخمی ہوئے۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے کیچ میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی میں دو بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو ہلاک کیا، ہلاک دہشتگردوں میں دہشت گردوں کا سرغنہ صابر اللہ اور دہشت گرد امجد عرف بیچو شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا، ہلاک دہشتگرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف دہشت گردی کی متعدد سرگرمیوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی سرگرم رہے۔
ترجمان کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ علاقے میں موجود کسی بھی دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہے، سکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی بھارتی پراکسیوں کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
دوسری جانب وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے اضلاع کیچ اور اواران میں بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد تنظیم بلوچستان لبریشن فرنٹ کے 3 دہشتگردوں کو ہلاک اور 2 کو زخمی کر کے گرفتار کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ مہارت اور بھارتی ایجنڈے کے خلاف بروقت کارروائی کی پذیرائی کی۔
محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں معصوم اور نہتے شہریوں کی جان و مال کو دہشتگردی کے ذریعے خطرے میں ڈالنے کی بھارتی سازش بے نقاب ہو چکی ہے، ہم بھارت کے پاکستان میں امن و امان کو نقصان پہنچانے کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیں گے، حکومت اور سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی بلوچستان میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران 3 دہشتگرد وں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کو مبارکباد دی۔
سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ دہشتگرد بہت جلد اپنے منطقی انجام کو پہنچیں گے، ملک میں شرپسند عناصر کی کوئی جگہ نہیں ، سکیورٹی فورسز کے بلندعزم و حوصلے اور عوام کی حمایت سے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فتح ہماری ہوگی۔