فورچیونر کے پیٹرول ویریئنٹس کی قیمتوں میں بڑی کمی
کمپنی کے مطابق فورچیونر کے جی پیٹرول ویریئنٹ کی قیمت میں 25 لاکھ 4 ہزار روپے کمی کی گئی ہے، جس کے بعد اس گاڑی کی نئی قیمت 1 کروڑ 24 لاکھ 35 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ اس سے قبل یہی ویریئنٹ 1 کروڑ 49 لاکھ 39 ہزار روپے میں فروخت کیا جا رہا تھا۔
اسی طرح فورچیونر کے وی پیٹرول ویریئنٹ کی قیمت میں بھی 25 لاکھ 74 ہزار روپے کی نمایاں کمی کی گئی ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 1 کروڑ 49 لاکھ 35 ہزار روپے ہو گئی ہے۔ کمپنی نے اس کمی کو اپنی 35 ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی آفر قرار دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی فون میں اے آئی فوٹو ایڈیٹنگ فیچرز متعارف
آٹو انڈسٹری کے ماہرین کا کہنا ہے کہ کسی پریمیم ایس یو وی کی قیمت میں اتنی بڑی کمی معمولی بات نہیں۔ ماہرین کے مطابق اس فیصلے کے پیچھے مارکیٹ کی بدلتی ہوئی صورتحال، گاڑیوں کی فروخت میں کمی، صارفین کی قوت خرید میں کمی اور مسابقتی دباؤ جیسے عوامل کارفرما ہو سکتے ہیں۔
ٹویوٹا فورچیونر پاکستان میں ایک مقبول پریمیم ایس یو وی سمجھی جاتی ہے، جو اپنے مضبوط ڈیزائن، آف روڈ صلاحیت اور فیملی استعمال کی وجہ سے خاصی پسند کی جاتی ہے۔ قیمتوں میں حالیہ کمی کے بعد توقع کی جا رہی ہے کہ اس گاڑی میں دلچسپی رکھنے والے صارفین دوبارہ مارکیٹ کا رخ کر سکتے ہیں۔
تاہم ماہرین کے مطابق یہ دیکھنا اہم ہوگا کہ کمپنی کی یہ خصوصی آفر کب تک برقرار رہتی ہے اور آیا دیگر آٹو کمپنیاں بھی اپنی گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرتی ہیں یا نہیں۔