چونکہ پی ٹی اے ٹیکس کا حساب کسٹمز ویلیو، سیلز ٹیکس اور موبائل لیوی کی بنیاد پر کیا جاتا ہے، اس لیے اس فیصلے کے بعد موبائل فون رجسٹریشن صارفین کے لیے نسبتاً سستی ہو گئی۔
نئی مقرر کردہ ویلیوز کے مطابق پاسپورٹ کے ذریعے رجسٹریشن کی صورت میں آئی فون 15 پرو اور آئی فون 15 پرو میکس پر پی ٹی اے ٹیکس 55 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ قومی شناختی کارڈ (CNIC) کے ذریعے رجسٹریشن پر یہ ٹیکس 70 ہزار روپے ہوگا یہ کمی گزشتہ ٹیکس ریٹس کے مقابلے میں خاصی نمایاں ہے اور اس سے ان صارفین کو کچھ ریلیف ملا ہے جو طویل عرصے سے زیادہ رجسٹریشن فیس کا بوجھ برداشت کر رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں:انٹرنیٹ سروسز کی سست روی کی خبروں پی ٹی اے کی وضاحت آگئی
یہ فیصلہ اس انداز میں کیا گیا ہے کہ اس سے مقامی موبائل مارکیٹ میں خریداروں اور فروخت کنندگان دونوں کو فائدہ پہنچے۔ ایک ہی جھٹکے میں قانونی موبائل رجسٹریشن کی لاگت میں کمی آنے سے پاکستان میں اسمارٹ فونز کی قیمتیں اب عالمی منڈی کی قیمتوں سے زیادہ دور نہیں رہیں۔
پی ٹی اے کی ویب سائٹ پر دستیاب معلومات کے مطابق، صارفین درآمد شدہ فونز اپنا پاسپورٹ یا شناختی کارڈ استعمال کرتے ہوئے رجسٹر کروا سکتے ہیں۔ فونز پر ٹیکس کا تعین ان کی کسٹم ویلیو کی بنیاد پر کیا جاتا ہے جبکہ پاسپورٹ یا شناختی کارڈ پر رجسٹر کروانے پر مختلف شرح لاگو ہوتی ہے۔
پاسپورٹ پر رجسٹر کروانے پر 30 ڈالر تک کی ویلیو کے فونز پر 430 روپے، 30 سے 100 ڈالر مالیت کے فونز پر تین ہزار 200 جبکہ 100 سے 200 ڈالر کے فون پر نو ہزار 580 روپے ٹیکس لاگو ہوتا ہے۔
پی ٹی اے 200 سے 350 ڈالرز کے فونز پر 12 ہزار 200 روپے کے علاوہ 17 فیصد ٹیکس عائد کرتا ہے جبکہ 350 سے 500 ڈالرز کے فونز پر 17 ہزار 800 روپے کے علاوہ 17 فیصد ٹیکس عائد کرتا ہے۔ 500 ڈالرز سے زائد ویلیو کے فونز پر ٹیکس 27 ہزار 600 روپے کے علاوہ 17 فیصد سیلز ٹیکس بھی لاگو ہوتا ہے۔
شناختی کارڈ پر رجسٹر کروانے پر 30 ڈالر تک کی ویلیو کے فونز پر 550 روپے، 30 سے 100 ڈالر مالیت کے فونز پر چار ہزار 323 جبکہ 100 سے 200 ڈالر کے فون پر 11 ہزار 561 روپے ٹیکس لاگو ہوتا ہے۔
پی ٹی اے 200 سے 350 ڈالرز کے فونز پر 14 ہزار 661 روپے کے علاوہ 17 فیصد ٹیکس عائد کرتا ہے جبکہ 350 سے 500 ڈالرز کے فونز پر 23 ہزار 420 روپے کے علاوہ 17 فیصد ٹیکس عائد کرتا ہے۔ 500 ڈالرز سے زائد ویلیو کے فونز پر ٹیکس 37 ہزار سات روپے کے علاوہ 17 فیصد سیلز ٹیکس بھی لاگو ہوتا ہے۔