سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں ایلون مسک نے کہا کہ وینزویلا میں 3 فروری سے اسٹار لنک کے ذریعے مفت انٹرنیٹ سروس فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے اسٹار لنک کی ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اس اقدام کا مقصد وینزویلا میں مسلسل رابطے کو یقینی بنانا ہے تاکہ عوام کو معلومات تک رسائی میں مشکلات کا سامنا نہ ہو۔
ایلون مسک کے مطابق اسٹار لنک کی سیٹلائٹ ٹیکنالوجی کے ذریعے انٹرنیٹ سروس ملک کے مختلف حصوں میں دستیاب ہوگی، جس سے شہریوں کو مواصلاتی سہولت میسر آئے گی۔
یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وینزویلا شدید سیاسی بحران اور غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ٹی 20 ورلڈکپ، بنگلادیش کا کرکٹ ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ
واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکا نے وینزویلا میں کارروائی کرتے ہوئے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کر کے امریکا منتقل کر دیا ہے، اس پیش رفت کے بعد ملک میں سیاسی بے چینی اور انتظامی مسائل میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وینزویلا میں حکومت کی تبدیلی تک ملک کا نظام امریکا چلائے گا۔ اس صورتحال کے تناظر میں ایلون مسک کا مفت انٹرنیٹ فراہم کرنے کا اعلان عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔