ٹی 20 ورلڈکپ: بنگلادیش کا کرکٹ ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ
Bangladesh Team India Tour Refusal
فائل فوٹو
ڈھاکا: (ویب ڈیسک) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے اپنی ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ کر لیا۔

یہ پیش رفت بنگلادیشی فاسٹ باؤلر مستفیض الرحمان کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سے ریلیز کرنے کے معاملے کے بعد سامنے آئی ہے۔

بی سی بی ذرائع کے مطابق بنگلادیش کرکٹ بورڈ اس فیصلے سے حکومت کو باضابطہ طور پر آگاہ کرے گا، جس کے بعد حکومتی مشاورت کے بعد حتمی اعلان کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی منظوری ملنے کی صورت میں بی سی بی آئی سی سی کو بھی اپنے فیصلے سے آگاہ کرے گا۔

ذرائع کے مطابق بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے آئی سی سی کو یہ تجویز دی جائے گی کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بنگلادیش کے میچز بھارت کے بجائے سری لنکا میں کرائے جائیں۔ اس حوالے سے آئی سی سی کے ساتھ رابطے اور مشاورت کا عمل جلد شروع کیے جانے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے شیڈول کے مطابق بنگلادیش کے میچز بھارت میں رکھے گئے ہیں، جہاں ٹیم کو اپنے تین میچز کولکتہ جبکہ ایک میچ ممبئی میں کھیلنا ہے۔ تاہم موجودہ صورتحال اور حالیہ فیصلے کے بعد ان میچز کے مقامات میں تبدیلی کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان نے ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے ابتدائی اسکواڈ فائنل کر لیا

کرکٹ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر بنگلادیش کرکٹ بورڈ اپنے فیصلے پر قائم رہتا ہے تو یہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے انتظامات اور شیڈول پر نمایاں اثر ڈال سکتا ہے۔

شائقین کرکٹ کی نظریں اب بنگلادیش حکومت اور آئی سی سی کے آئندہ فیصلوں پر مرکوز ہیں، جو اس معاملے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔