نئے سال کے فراڈ سے بچیں، این سی سی آئی اے کی ایڈوائزری
نئے سال کی آمد کے موقع پر آن لائن فراڈ اور سائبر جرائم کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے شہریوں کے لیے اہم ایڈوائزری جاری کر دی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) نئے سال کی آمد کے موقع پر آن لائن فراڈ اور سائبر جرائم کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے شہریوں کے لیے اہم ایڈوائزری جاری کر دی۔

این سی سی آئی اے کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ نئے سال کی آمد پر "مبارکباد کے لنکس" اور "جعلی تحائف" کے پیغامات گردش کر رہے ہیں جن پر کلک کرنے سے صارفین کا ذاتی ڈیٹا، بینکنگ معلومات اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیک ہونے کا خدشہ ہے۔

ایڈوائزری میں شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی انجان، مشکوک یا غیر مصدقہ لنک پر کلک نہ کریں اور نہ ہی اپنا واٹس ایپ کوڈ کسی کے ساتھ شیئر کریں، اپنے موبائل فون اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی پرائیویسی سیٹنگز کو مضبوط رکھیں اور مشکوک پیغامات کی فوری رپورٹ کریں۔

یہ بھی پڑھیں: سال 2025 میں دنیا نے گوگل پر کن ناموں کو سب سے زیادہ سرچ کیا؟

حکام کے مطابق اکثر صارفین لاعلمی یا جلد بازی میں ایسے لنکس پر کلک کر لیتے ہیں جس کے نتیجے میں ان کے موبائل فون یا اکاؤنٹس پر مکمل کنٹرول فراڈیوں کے ہاتھ آ جاتا ہے۔

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی حکام کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ اپنی خوشیوں کو ہیکرز کی نظر نہ لگنے دیں، محفوظ رہیں ، کسی بھی سائبر جرم کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔