سیاست، ٹیکنالوجی اور تفریح نے مجموعی طور پر انٹرنیٹ سرچ پر غلبہ رکھا، جبکہ کھیل، مذہب اور ہائی پروفائل فوجداری مقدمات بھی خبروں اور وائرل لمحات کے باعث نمایاں رہے۔
Ahrefs کے سرچ والیوم ڈیٹا کی بنیاد پر PlayersTime کے تازہ تجزیے کے مطابق چند مخصوص عوامی شخصیات نے عالمی سطح پر آن لائن توجہ کا بڑا حصہ اپنی جانب مبذول کر لیا۔
گزشتہ بارہ ماہ کے دوران اوسط ماہانہ گوگل سرچز کے اعتبار سے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ دنیا کی سب سے زیادہ تلاش کی جانے والی شخصیت قرار پائے۔
رپورٹ کے مطابق انہیں ماہانہ اوسطاً تقریباً ایک کروڑ ساٹھ لاکھ سرچز موصول ہوئیں، امریکی سیاست میں ان کی مسلسل موجودگی، قانونی معاملات، انتخابی بیانات اور عالمی میڈیا کوریج نے ان کی سرچ مقبولیت کو برقرار رکھا۔
ٹرمپ کے بعد معروف ٹیکنالوجی ارب پتی ایلون مسک دوسرے نمبر پر رہے، جن کی ماہانہ سرچز کی تعداد تقریباً ایک کروڑ دس لاکھ رہی۔ مصنوعی ذہانت، خلائی ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا سے جڑے متنازع بیانات نے انہیں خبروں میں مسلسل زندہ رکھا۔
عالمی ٹاپ ٹین میں موسیقی کے شعبے کا کردار غیر معمولی طور پر نمایاں رہا۔ مجموعی فہرست کا تقریباً نصف حصہ گلوکاروں اور موسیقی سے وابستہ شخصیات پر مشتمل تھا۔ پاپ اسٹار ٹیلر سوئفٹ بدستور سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی فنکاروں میں شامل رہیں، جبکہ سبریانا کارپنٹر، XXXTentacion اور رومیو سانتوس نے بھی ماہانہ ساٹھ سے اسی لاکھ سرچز کے ساتھ نمایاں مقام حاصل کیا۔
فلم اور ٹیلی ویژن کا شعبہ بھی سرچ کے میدان میں پیچھے نہیں رہا۔ ٹاپ 100 سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیات میں اس شعبے کا مجموعی حصہ سب سے زیادہ رہا۔ عالمی سطح پر اسٹریمنگ سروسز کے ذریعے مواد کی تیز تر فراہمی، نئی سیریز اور فلموں کی ریلیز نے اداکاروں اور ہدایت کاروں کو مسلسل خبروں میں رکھا، جس کا براہِ راست اثر گوگل سرچز پر بھی دکھائی دیا۔
اگرچہ کھیل مجموعی نمائندگی کے اعتبار سے تفریح اور سیاست کے مقابلے میں پیچھے رہا، تاہم چند بڑے ناموں نے عالمی سطح پر غیر معمولی توجہ حاصل کی۔
پرتگالی فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو بدستور سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے کھلاڑیوں میں شامل رہے، اس کے ساتھ ساتھ نوجوان ہسپانوی فٹبالر لامین یامال نے عالمی ٹاپ ٹین میں جگہ بنا کر ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ میں عوامی دلچسپی کو نمایاں کیا۔
سال 2025 میں سرچ رجحانات صرف تفریح اور کھیل تک محدود نہیں رہے، عالمی سیاست، مذہبی قیادت اور ہائی پروفائل فوجداری مقدمات نے بھی نمایاں اثر ڈالا۔ مذہبی شعبے میں پوپ فرانسس سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیت رہے، جبکہ بعض فوجداری کیسز کو مسلسل میڈیا کوریج کے باعث غیر معمولی سرچ والیوم حاصل ہوا۔
قومیت کے اعتبار سے تجزیہ ظاہر کرتا ہے کہ عالمی سرچ دلچسپی کا بڑا حصہ امریکی عوامی شخصیات کے گرد مرکوز رہا۔ ٹاپ 100 میں شامل امریکی شخصیات کو مجموعی طور پر اوسطاً ماہانہ 23 کروڑ 70 لاکھ سے زائد سرچز ملیں، جو برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا کو ملا کر بھی کہیں زیادہ ہیں۔ عالمی ٹاپ ٹین میں شامل دس میں سے چھ شخصیات کا تعلق امریکا سے تھا، جو امریکی میڈیا اور سیاست کی عالمی رسائی کو اجاگر کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:16 سال سے کم عمر بچوں کیلئے سوشل میڈیا پر پابندی
قومی سطح پر بھی سرچ رجحانات میں واضح فرق دیکھا گیا، امریکا میں ڈونلڈ ٹرمپ بدستور سرفہرست رہے، کینیڈا میں سیاسی قیادت سب سے زیادہ سرچ کی گئی، اسپین اور اٹلی میں ٹینس کھلاڑی عوامی توجہ کا مرکز بنے، جبکہ برازیل اور پولینڈ میں فٹبالرز سرچ فہرست میں نمایاں رہے، جرمنی اور جنوبی کوریا میں سیاسی رہنماؤں نے سب سے زیادہ توجہ حاصل کی۔
اعداد و شمار کے مطابق ٹاپ 100 سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیات میں فلم اور ٹیلی ویژن کا حصہ 36 فیصد، موسیقی کا 28 فیصد اور کھیل کا 16 فیصد رہا۔ مجموعی فہرست میں مردوں کا تناسب 56 فیصد تھا، تاہم تفریح، فیشن اور شاہی خاندان سے متعلق سرچز میں خواتین کی نمایاں نمائندگی دیکھنے میں آئی۔