جدید ویڈیو گیمنگ کی دنیا کی سب سے بااثر شخصیات میں شمار ہونے والے ونس زیمپیلا، جو بلاک بسٹر کال آف ڈیوٹی سیریز کے شریک خالق تھے، لاس اینجلس میں پیش آنے والے ایک مہلک کار حادثے کے نتیجے میں55 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
مقامی نشریاتی ادارے کے مطابق، یہ حادثہ اتوار کے روز پیش آیا جب زیمپیلا لاس اینجلس کے شمال میں ایک خوبصورت پہاڑی سڑک پر اپنی فراری گاڑی چلا رہے تھے۔
رپورٹس کے مطابق گاڑی سڑک سے پھسل کر کنکریٹ کی رکاوٹ سے ٹکرا گئی اور آگ لگ گئی، کیلیفورنیا ہائی وے پیٹرول کے مطابق ڈرائیور اور ایک مسافر دونوں جان کی بازی ہار گئے، جبکہ حادثے کی وجوہات کی تحقیقات جاری ہیں۔
عالمی گیمنگ کمپنی الیکٹرانک آرٹس نے پیر کے روز زیمپیلا کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے اسے گیمنگ دنیا کے لیے ناقابلِ تصور نقصان قرار دیا، اپنے بیان میں کمپنی نے ان کے انٹرایکٹو انٹرٹینمنٹ پر گہرے اور دور رس اثرات کو سراہا۔
ونس زیمپیلا نے 2002 میں انفینٹی وارڈ کی بنیاد رکھی اور 2003 میں کال آف ڈیوٹی کے آغاز میں کلیدی کردار ادا کیا، ابتدا میں دوسری جنگِ عظیم کے پس منظر پر مبنی یہ فرسٹ پرسن شوٹر گیم بعد ازاں جدید اور مستقبل کی جنگوں پر مشتمل سیٹنگز تک پھیل گئی۔
یہ بھی پڑھیں: سال 2025 میں دنیا نے گوگل پر کن ناموں کو سب سے زیادہ سرچ کیا؟
یہ سیریز اب تک دنیا بھر میں 500 ملین سے زائد کاپیاں فروخت کر چکی ہے جو اسے تاریخ کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی ویڈیو گیم فرنچائزز میں شامل کرتی ہے۔
اپنے تعزیتی بیان میں الیکٹرانک آرٹس نے زیمپیلا کو ایک بصیرت رکھنے والا تخلیق کار، قابلِ اعتماد رہنما اور سرپرست قرار دیا جن کی میراث آنے والی نسلوں تک گیمز کی تیاری اور تجربے کو متاثر کرتی رہے گی۔
دنیا بھر کے شائقین اور ڈویلپرز نے سوشل میڈیا پر ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں عالمی گیمنگ منظرنامے کو بدلنے والا ایک عظیم پیش رو قرار دیا۔