جاپان نے انٹرنیٹ اسپیڈ کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا
Internet speed record
فائل فوٹو
ٹوکیو: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں انٹرنیٹ کی بڑھتی ہوئی ضرورت اور ڈیٹا کے بے پناہ حجم نے ٹیکنالوجی کے میدان میں نئی دوڑ شروع کر دی ہے۔

اس دوڑ میں جاپان نے سب کو پیچھے چھوڑتے ہوئے انٹرنیٹ اسپیڈ کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔

جاپانی محققین نے 1.02 پیٹا بٹس فی سیکنڈ (Pbps) کی ناقابلِ یقین رفتار حاصل کی ہے جو مستقبل کے انٹرنیٹ کو ایک نئی سمت فراہم کرے گی۔

یہ رفتار اتنی تیز ہے کہ محض ایک سیکنڈ کے ہزارویں حصے میں 100 جی بی کی فائل ڈاؤن لوڈ ہو سکتی ہے۔

نیشنل انسٹیٹیوٹ آف انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (NICT) کی جانب سے قائم کیا گیا یہ ریکارڈ دنیا کے موجودہ انٹرنیٹ نظام کیلئے ایک بڑی پیش رفت ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ 1.02 Pbps کی رفتار اتنی زیادہ ہے کہ ایک سیکنڈ میں نیٹ فلکس کا پورا مواد باآسانی ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔ یہ امریکہ میں دستیاب اوسط انٹرنیٹ اسپیڈ سے تقریباً 40 لاکھ گنا زیادہ تیز ہے۔

NICT کی فوٹونک نیٹ ورک لیبارٹری نے یہ کارنامہ جاپان کی سُمیتومو الیکٹرک اور یورپی محققین کے تعاون سے سرانجام دیا۔ اس تجربے میں محققین نے 19 آپٹیکل لوپس استعمال کیے جن میں سے ہر ایک کی لمبائی 86.1 کلومیٹر تھی۔

یہ بھی پڑھیں:ایپل کمپنی کا آئی فون 17 سیریز 9 ستمبر کو متعارف کروانے کا اعلان

 

 

یہ عمل 21 بار دہرایا گیا اور اس طرح سگنلز نے مجموعی طور پر 1,808 کلومیٹر کا سفر کیا۔ دورانِ تجربہ 180 مختلف ڈیٹا اسٹریمز کو منتقل کیا گیا اور فی کلومیٹر فی سیکنڈ منتقل ہونے والے ڈیٹا کی مقدار 1.86 ایگزابٹس تک جا پہنچی جو اب تک ریکارڈ کی جانے والی سب سے بڑی قدر ہے۔

رپورٹس کے مطابق تجربے کا اصل مقصد یہ ثابت کرنا تھا کہ موجودہ فائبر آپٹک انفراسٹرکچر کے ذریعے طویل فاصلے پر بھی انتہائی تیز رفتار انٹرنیٹ ممکن ہے۔

یہ تحقیق مستقبل میں ایسے انٹرنیٹ نظام کی بنیاد ڈال سکتی ہے جو بڑھتے ہوئے ڈیٹا کے بوجھ کو باآسانی برداشت کرے گا اور دنیا کو ڈیجیٹل ترقی کی نئی سطح پر لے جائے گا۔