مون سون: ٹک ٹاک نے فیک نیوز سے نمٹنے کیلئے نیا فیچر متعارف کرا دیا
معروف ویڈیو ایپلی کیپشن ٹک ٹاک نے پاکستان میں مون سون کے سیلابی موسم کے دوران فیک نیوز سے نمٹنے کیلئے نیا فیچر متعارف کرا دیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) معروف ویڈیو ایپلی کیپشن ٹک ٹاک نے پاکستان میں مون سون کے سیلابی موسم کے دوران فیک نیوز سے نمٹنے کیلئے نیا فیچر متعارف کرا دیا۔

نیا سرچ فیچر صارفین کو مون سون کے سیلابی موسم کے دوران مصدقہ معلومات اور معاونت کے ذرائع فراہم کرے گا، ٹِک ٹاک پر صارفین کوسیلاب سے متعلق معلومات کیلئے بینر نمایاں نظر آئے گا جو معتبر ذرائع سے معلومات کی تصدیق کرنے کی ترغیب دے گا۔

یہ گائیڈ صارفین کو براہِ راست نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) تک رسائی دیتی ہے جہاں سے پاکستان میں قدرتی آفات سے متعلق تصدیق شدہ معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔

ٹِک ٹاک کے سیفٹی سینٹر پردستیاب وسائل کا لنک بھی پریشان کن واقعات سے متاثرہ افراد کے لیے عملی مدد فراہم کرتا ہے، یہ گائیڈ صارفین کو ذہنی صحت کی معاونت حاصل کرنے کے طریقوں سے متعلق معلومات بھی فراہم کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان، تین ماہ میں 25 لاکھ ویڈیوز ڈیلیٹ

مذکورہ گائیڈ ایسے واقعات سے متعلق کانٹینٹ کو ذمہ داری سے شیئر کرنے یا رپورٹ کرنے کے اُصول بھی بتاتی ہے۔

پاکستان میں ٹک ٹاک کے پبلک پالیسی اینڈ گورنمنٹ ریلیشنز کے سربراہ فہد محمد خان نیازی نے اس حوالے سے کہا کہ بحران کے موقع بروقت اور درست معلومات تک رسائی انتہائی اہم ہوتی ہے، اس گائیڈ سےمعتبر معلومات کو فروغ اور اپنی کمیونٹی کے لیے ایک محفوظ ڈیجیٹل ماحول تخلیق کرنا ہے۔

ٹک ٹاک کی جانب سے جاری اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ یہ ٹولز صحیح معلومات دے کر ویوورز کو باخبر رکھنے اور ان کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہو گا۔