گوگل نے اینڈرائیڈ 16 متعارف کروا دیا
گوگل نے اپنے جدید ترین موبائل آپریٹنگ سسٹم اینڈرائیڈ 16 کو باضابطہ طور پر متعارف کروا دیا
گوگل نے اپنے جدید ترین موبائل آپریٹنگ سسٹم اینڈرائیڈ 16 کو باضابطہ طور پر متعارف کروایا/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) گوگل نے اپنے جدید ترین موبائل آپریٹنگ سسٹم اینڈرائیڈ 16 کو باضابطہ طور پر متعارف کروا دیا۔ یہ اپڈیٹ ابتدائی طور پر پکسل فونز کے لیے دستیاب ہوگی، جبکہ دیگر کمپنیوں کے سمارٹ فونز میں بھی یہ ٹیکنالوجی جلد شامل کی جائے گی۔

اینڈرائیڈ 16 میں کئی نئی خصوصیات شامل کی گئی ہیں، جن میں سب سے نمایاں لائیو اپڈیٹس ہیں، جو صارفین کو ایپس کھولے بغیر ہی ضروری معلومات فراہم کریں گی۔ اس کے علاوہ سیکیورٹی کو مزید بہتر بنایا گیا ہے، جس میں جدید حفاظتی اقدامات شامل کیے گئے ہیں تاکہ صارفین کو اسکام کالز، نقصان دہ ایپس اور غیر محفوظ ویب سائٹس سے بچایا جا سکے۔

اس اپڈیٹ میں ملٹی ٹاسکنگ کے لیے بھی نئی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، خاص طور پر ٹیبلٹس کے لیے، جہاں صارفین ایک ساتھ کئی ایپس کو کھولنے، منتقل کرنے اور ان کا سائز ایڈجسٹ کرنے کے قابل ہوں گے۔ اس کے علاوہ سننے میں دشواری کا سامنا کرنے والے افراد کے لیے بھی نئی سہولتیں شامل کی گئی ہیں، جن کے ذریعے وہ اپنے فون کے مائیکروفون کو استعمال کر کے شور والے ماحول میں بہتر کال کوالٹی حاصل کر سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ایپل آئی فون 17 پرو میکس، جدید ٹیکنالوجی کا شاہکار

اینڈرائیڈ 16 ابتدائی طور پر پکسل 6 اور اس کے بعد کے ماڈلز کے لیے دستیاب ہوگا، جبکہ سام سنگ، ون پلس اور دیگر کمپنیوں کے فونز میں بھی جلد متعارف کرایا جائے گا۔ اپڈیٹ حاصل کرنے کے لیے پکسل فون کے صارفین کو اپنے فون کی سیٹنگز میں جا کر سافٹ ویئر اپڈیٹ کے آپشن پر جانا ہوگا، جہاں وہ دستیاب اپڈیٹ کو ڈاؤن لوڈ اور انسٹال کر سکیں گے۔

گوگل نے اس بار اینڈرائیڈ 16 کو پہلے سے زیادہ جلدی متعارف کرایا ہے، اور آنے والے مہینوں میں مزید فیچرز شامل کیے جانے کی توقع ہے۔ صارفین اس اپڈیٹ کے ذریعے مزید بہتر تجربہ حاصل کر سکیں گے۔