ایپل آئی فون 17 پرو میکس، جدید ٹیکنالوجی کا شاہکار
ایپل نے اپنے نئے اسمارٹ فون آئی فون 17 پرو میکس کے ابتدائی فیچرز اور ڈیزائن کی تفصیلات جاری کر دیں
آئی فون 17 پرو میکس / فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) ایپل نے اپنے نئے اسمارٹ فون آئی فون 17 پرو میکس کے ابتدائی فیچرز اور ڈیزائن کی تفصیلات جاری کر دیں۔ جنہوں نے دنیا بھر میں ٹیکنالوجی کے دلدادہ افراد کی توجہ حاصل کرلی۔

ذرائع کے مطابق، آئی فون 17 پرو میکس کی باڈی ٹائٹینیم سے تیار کی گئی ہے جو نہ صرف مضبوط بلکہ ہلکی بھی ہے۔ اس کے ساتھ باریک بیزل فریم اسے ایک نفیس اور جدید لک دیتا ہے۔ سب سے اہم پیش رفت A19 بایونک چپ ہے، جو پچھلی جنریشن کے مقابلے میں زیادہ طاقتور اور تیز رفتار کارکردگی کی ضمانت دیتی ہے۔

آئی فون کے اس ماڈل میں ایپل نے پہلی بار اسکرین کے نیچے فیس آئی ڈی سسٹم متعارف کرایا ہے، جس سے فون کی ظاہری خوبصورتی میں اضافہ ہوگا اور اسکرین پر کسی قسم کا نوچ یا کٹ نہیں ہوگا۔ سپر ریٹنا ایکس ڈی آر ڈسپلے 120Hz  ریفریش ریٹ کے ساتھ پیش کیا گیا ہے، جو ایک نہایت صاف، شفاف اور روان تصویر کا تجربہ فراہم کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹویوٹا راوی 4 ہائبرڈ کی حیران کن خصوصیات منظر عام پر

فوٹو گرافی کے شوقین افراد کے لیے بھی یہ ماڈل کسی نعمت سے کم نہیں، کیونکہ اس میں 48 میگا پکسل کا پرائمری کیمرا دیا جا رہا ہے۔ کیمرے میں ڈیپ فیوژن اور نائٹ موڈ ٹیکنالوجی کی موجودگی کم روشنی میں بھی اعلیٰ معیار کی تصاویر لینے میں مدد دے گی۔

بیٹری اور چارجنگ کی بات کی جائے تو یہ ماڈل USB-C فاسٹ چارجنگ کے ساتھ آ رہا ہے، جو پہلے سے زیادہ دیر پا بیٹری لائف اور کم وقت میں مکمل چارج فراہم کرے گا۔

ٹیک ماہرین کا ماننا ہے کہ آئی فون 17 پرو میکس کی یہ خصوصیات نہ صرف مارکیٹ میں نئی روایات قائم کریں گی بلکہ دیگر اسمارٹ فون کمپنیوں کے لیے بھی ایک چیلنج ثابت ہوں گی۔ توقع ہے کہ ایپل ستمبر 2025 میں اس ماڈل کو باقاعدہ طور پر لانچ کرے گا، جس کے بعد قیمت اور مکمل فیچرز کی تصدیق کی جائے گی۔

صارفین اس وقت بے صبری سے ایپل کے آفیشل اعلان کا انتظار کر رہے ہیں تاکہ وہ اس جدید شاہکار کو ہاتھ میں لینے کے لیے تیار ہو سکیں۔