ٹویوٹا راوی 4 ہائبرڈ کی حیران کن خصوصیات منظر عام پر
معروف جاپانی کار ساز کمپنی ٹویوٹا نے اپنی مقبول اسپورٹس یوٹیلیٹی وہیکل (SUV) راوی 4 کے 2026 ماڈل کی تفصیلات جاری کر دی
جاپانی کار ساز کمپنی ٹویوٹا نے اپنی مقبول اسپورٹس یوٹیلیٹی وہیکل (SUV) راوی 4 کے 2026 ماڈل کی تفصیلات جاری کیں/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) گاڑیوں کے شوقین افراد کے لیے اچھی خبر آگئی۔ معروف جاپانی کار ساز کمپنی ٹویوٹا نے اپنی مقبول اسپورٹس یوٹیلیٹی وہیکل (SUV) راوی 4 کے 2026 ماڈل کی تفصیلات جاری کر دی جو اس بار صرف ہائبرڈ لائن اپ کے ساتھ پیش کی جا رہی ہے۔

2026 راوی 4 ہائبرڈ کا بیرونی ڈیزائن انتہائی جدید اور دلکش ہے۔ گاڑی کے اگلے حصے میں نئی ایل ای ڈی ہیڈ لائٹس، تقسیم شدہ جالی دار گرِل، اور دوبارہ ترتیب دی گئی پچھلی بتیاں شامل کی گئی ہیں، جو گاڑی کو نہایت اسپورٹی اور منفرد انداز فراہم کرتی ہیں۔ یہ نئی خصوصیات نہ صرف ظاہری خوبصورتی میں اضافہ کرتی ہیں بلکہ رات کے وقت بہتر روشنی بھی مہیا کرتی ہیں۔

یہ ماڈل مختلف ورژنز میں دستیاب ہوگا، جن میں ایل ای، ایکس ایل ای، لمیٹڈ اور ایک نیا جنگلاتی ورژن (Woodland Edition) شامل ہے۔ جنگلاتی ورژن خاص طور پر ان افراد کے لیے تیار کیا گیا ہے جو آؤٹ ڈور ایڈونچر کا شوق رکھتے ہیں۔ اس ماڈل میں آل ٹیرین ٹائرز اور گاڑی کے نچلے حصے میں زیادہ کلیئرنس شامل کی گئی ہے تاکہ ہر قسم کی سطح پر آرام دہ ڈرائیونگ ممکن ہو۔

نئی راوی 4 ہائبرڈ میں 236 ہارس پاور کا ہائبرڈ انجن نصب کیا گیا ہے، جو آل وہیل ڈرائیو (AWD) کی سہولت کے ساتھ آتا ہے۔ گاڑی کی ٹوئنگ کیپیسٹی یعنی وزن کھینچنے کی صلاحیت کو بھی بڑھا دیا گیا ہے، جو اب 3500 پاؤنڈ تک پہنچ چکی ہے۔ یہ فیچر خاص طور پر کیمپنگ یا بوٹ کھینچنے والے صارفین کے لیے فائدہ مند ہوگا۔

کمپنی کے مطابق یہ ماڈل 2025 کے آخر تک مارکیٹ میں دستیاب ہوگا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ نئی راوی 4 ہائبرڈ اپنے منفرد فیچرز اور ماحول دوست ہائبرڈ ٹیکنالوجی کی بدولت مارکیٹ میں زبردست مقبولیت حاصل کرے گی اور SUV کے شوقین افراد کی توجہ کا مرکز بنے گی۔