کراچی میں ٹماٹر کی قیمت 500 روپے فی کلو تک پہنچ گئی
شہر کے مختلف علاقوں میں ٹماٹر 450 سے 500 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کیے جا رہے ہیں، جبکہ بعض مقامات پر فی پاؤ قیمت 110 سے 125 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سبزی منڈیوں اور ریٹیل مارکیٹوں میں ایرانی اور کوئٹہ سے آنے والے ٹماٹر مہنگے داموں فروخت کیے جا رہے ہیں۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ محدود سپلائی، بڑھتے ہوئے ٹرانسپورٹ اخراجات اور طلب میں اضافے کی وجہ سے قیمتیں نیچے نہیں آ رہیں۔
دوسری جانب صارفین کا مؤقف ہے کہ درآمدی ٹماٹروں کی آمد کے باوجود قیمتوں میں کمی نہ ہونا تشویشناک ہے اور متعلقہ اداروں کو اس معاملے کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: چکن سرکاری نرخوں سے مہنگا فروخت ہونے لگا
شہر کے مختلف علاقوں میں کچھ سبزی فروش چھوٹے سائز یا نسبتاً کچے ٹماٹر بھی 400 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کر رہے ہیں، جبکہ معیاری اور پکے ہوئے ٹماٹر 500 روپے فی کلو تک دستیاب ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ روزمرہ استعمال کی سبزی اس قدر مہنگی ہونے سے گھریلو بجٹ بری طرح متاثر ہو رہا ہے، خصوصاً متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کے لیے باورچی خانے کے اخراجات پورے کرنا مشکل ہوگیا ہے۔
ماہرین کے مطابق ٹماٹر کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات صرف سبزی کی خریداری تک محدود نہیں رہتے بلکہ ہوٹلوں، ریسٹورنٹس اور کھانے پینے کے کاروبار پر بھی اس کے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ کئی دکانداروں نے قیمتوں میں اضافے کے باعث ٹماٹر کی خریداری کم کر دی ہے، جبکہ بعض صارفین نے بھی متبادل سبزیوں کا استعمال شروع کر دیا ہے۔
شہریوں نے حکومت، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ منڈیوں میں قیمتوں کی مؤثر نگرانی کی جائے، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور سپلائی چین کو بہتر بنا کر ٹماٹر سمیت دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو مستحکم کیا جائے تاکہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔