انگلینڈ نے آسٹریلیا میں ون ڈے کرکٹ کا بڑا ریکارڈ اپنے نام کرلیا
مہمان ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 355 رنز بنا کر آسٹریلوی سرزمین پر ون ڈے کرکٹ میں اپنا سب سے بڑا مجموعہ اسکور کرلیا۔
انگلینڈ نے اس شاندار کارکردگی کے دوران اپنا 15 سال پرانا ریکارڈ بھی توڑ دیا، اس سے قبل انگلش ٹیم نے 2011 میں سڈنی کرکٹ گراؤنڈ پر 6 وکٹوں کے نقصان پر 333 رنز بنائے تھے، جو آسٹریلیا میں اس کا بہترین ون ڈے اسکور تھا۔
دوسرے ون ڈے میں انگلینڈ کی جانب سے ٹام بینٹن نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے اپنے ون ڈے کیریئر کی دوسری سنچری اسکور کی اور ٹیم کو بڑے مجموعے تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
تجربہ کار بلے باز جو روٹ نے بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 62 رنز بنائے۔ درمیانی اوورز میں انگلینڈ کی چند وکٹیں گرنے سے رنز بنانے کی رفتار متاثر ہوئی، تاہم جیکب بیتھل اور ول جیکس نے نصف سنچریاں اسکور کرکے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی۔
آسٹریلیا کی جانب سے زیویئر بارٹلیٹ سب سے کامیاب بولر رہے، جنہوں نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، تاہم دیگر آسٹریلوی بولرز انگلش بلے بازوں کو قابو کرنے میں ناکام رہے۔
انگلینڈ نے آسٹریلیا کو میچ جیتنے کیلئے 356 رنز کا ہدف دیا، جس کا تعاقب میزبان ٹیم کے لیے ایک بڑا امتحان بن گیا۔