بھارتی اسٹار فاسٹ بولر محمد شامی کا ریٹائرمنٹ کا اعلان
انہوں نے اپنے ٹیسٹ ڈیبیو کے 13 سال مکمل ہونے پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام کے ذریعے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔
36 سالہ محمد شامی نے نومبر 2013 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے پہلے ہی میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 118 رنز کے عوض 9 وکٹیں حاصل کی تھیں، جو ان کے کیریئر کی بہترین میچ بولنگ بھی ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق محمد شامی نے بھارت کی جانب سے 64 ٹیسٹ میچز کھیلے اور 27.71 کی اوسط سے 229 وکٹیں حاصل کیں۔
اپنے الوداعی پیغام میں محمد شامی نے 13 سالہ سفر کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹ کیپ اور گیند نے انہیں وہ شناخت دی جو آج ان کے نام سے جڑی ہے۔ اس دوران انہیں کئی اتار چڑھاؤ کا سامنا کرنا پڑا، وہ زخمی ہوئے، گرے لیکن ہر بار دوبارہ اٹھ کر ملک کے لیے کھیلتے رہے۔
انہوں نے اپنے کوچز، ٹرینرز، فزیو اور دیگر معاونین کا شکریہ ادا کیا اور مداحوں کی محبت کو اپنے لیے بڑا اعزاز قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں:فاسٹ بولرمحمد عامر افغانستان پریمپئر لیگ کا حصہ بن گئے
محمد شامی نے واضح کیا کہ ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کے باوجود وہ ون ڈے اور ٹی 20 کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔ اس کے علاوہ آئی پی ایل اور ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی حصہ لیں گے، جبکہ فٹنس برقرار رکھنے کے لیے ضرورت پڑنے پر طویل دورانیے کی ڈومیسٹک کرکٹ بھی کھیل سکتے ہیں۔