این سی اے میں سموگ کے تدارک اور جنگلات کی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے آرٹ نمائش کا انعقاد
طلبا و طالبات نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے ذریعے ماحولیاتی تحفظ کا پیغام دیا/ فائل فوٹو
Updated | Published November, 6 2026 |
لاہور (سنو نیوز) پنجاب فارسٹ ڈیپارٹمنٹ اور نیشنل کالج آف آرٹس (این سی اے) کے اشتراک سے سموگ کے تدارک اور جنگلات کی اہمیت کے موضوع پر منفرد آرٹ نمائش کا انعقاد کیا گیا، این سی اے کے طلبا و طالبات نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے ذریعے ماحولیاتی تحفظ کا پیغام دیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ایڈیشنل سیکرٹری پی ایم اینڈ ای (پنجاب فارسٹ ڈیپارٹمنٹ) ڈاکٹر عمر اعظم خان اور وائس چانسلر این سی اے ڈاکٹر مرتضیٰ جعفری تھے۔ مہمان خصوصی اور وائس چانسلر نے جنگل کے حسن اور انسداد سموگ کیلئے بنائے گئے فن پاروں کا جائزہ لیا۔
اس پُروقار تقریب کے دوران طلبا کو ایک خصوصی دستاویزی فلم دکھائی گئی جس میں جنگلات کے ماحولیاتی فوائد، کاربن سٹاک اسسمنٹ اور سموگ کے خلاف جنگ میں فارسٹ ڈیپارٹمنٹ کے عملی اقدامات کو اجاگر کیا گیا، جسے شرکاء نے خوب سراہا۔
تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر این سی اے کو سووئنر جبکہ آرٹ ورک کمپیٹیشن میں فرسٹ سکینڈ اور تھرڈ آنے والے طلبا کو انعامات دئیے گئے۔
تقریب کے اختتام پر وی سی این سی اے، ایڈیشنل سیکریٹری پی ایم اینڈ ای ڈاکٹر عمر اعظم خان نے مل کر پودا لگایا اور طلبا میں پودے بھی تقسیم کیے۔