لارڈز ٹیسٹ سے قبل پاکستان ٹیم میں بڑی تبدیلیوں کا امکان
ذرائع کے مطابق پہلے ٹیسٹ میں قومی ٹیم کی بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہ رہی، جس کے بعد مینجمنٹ لارڈز ٹیسٹ کیلئے کمبی نیشن میں ردوبدل پر غور کررہی ہے، خاص طور پر وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو آرام دینے کی تجویز زیر غور ہے۔
پاکستان کیلئے سب سے اہم پیش رفت کپتان بابر اعظم کی ممکنہ واپسی ہے۔ بابر دائیں ہاتھ کی انجری کے باعث لیڈز ٹیسٹ میں شرکت نہیں کرسکے تھے، جبکہ ٹیم مینجمنٹ کو امید ہے کہ وہ دوسرے ٹیسٹ تک مکمل فٹ ہوکر ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں۔
بابر اعظم کی واپسی کی صورت میں نوجوان بیٹر اذان اویس کو پلیئنگ الیون سے باہر بیٹھنا پڑ سکتا ہے۔ بابر کی شمولیت سے پاکستان کی بیٹنگ لائن کو تجربہ اور استحکام ملنے کی توقع ہے۔
دوسری جانب لارڈز کی کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے قومی ٹیم میں دو اسپنرز کھلانے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ فاسٹ بولنگ میں نوجوان عبید شاہ کو ان کی رفتار کی وجہ سے موقع دیے جانے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان نے 16 سال بعد ہاکی ورلڈکپ کا میچ جیت لیا
خیال رہے کہ لارڈز ٹیسٹ 27 سے 31 اگست تک کھیلا جائے گا، پاکستان پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد تین میچوں کی سیریز میں 0-1 سے پیچھے ہے، اس لیے دوسرے ٹیسٹ میں قومی ٹیم پر سیریز برابر کرنے کا دباؤ ہوگا۔