عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم پی سی بی کے سپرد؟ خیبرپختونخوا حکومت کا اہم اشارہ
پشاور میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کی امید ایک بار پھر روشن ہوتی دکھائی دے رہی ہے جہاں خیبرپختونخوا حکومت نے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سپرد کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے تاہم اس حوالے سے ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت اور پی سی بی کے درمیان اس معاملے پر رابطے جاری ہیں اور شرائط طے کرنے کیلئے مذاکرات کے دو دور بھی ہوچکے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت لاہور کے قذافی اسٹیڈیم اور کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم سے متعلق پی سی بی کے موجودہ معاہدوں کا بھی جائزہ لے رہی ہے تاکہ آئندہ کیلئے لائحہ عمل طے کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: حج 2027 سے بڑی تبدیلیاں، حکومت کا پہلی بار 4 سالہ حج پالیسی کا اعلان
مشیر کھیل خیبرپختونخوا تاج محمد ترند نے کہا کہ حکومت کی خواہش ہے کہ پشاور میں ایک بار پھر بین الاقوامی کرکٹ بحال ہو اور شائقین کرکٹ کو بڑے میچز دیکھنے کا موقع ملے۔
انہوں نے بتایا کہ قذافی اسٹیڈیم اور نیشنل اسٹیڈیم کے معاہدوں کا جائزہ لیا جارہا ہے تاہم عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم پی سی بی کے حوالے کرنے کا حتمی فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ورلڈ کپ جیتنے کے باوجود اصل ٹرافی کیوں نہیں ملتی؟ حیران کن وجہ جانیے
ذرائع کے مطابق دونوں اداروں کے درمیان مذاکرات جاری ہیں اور معاہدے کی شرائط پر اتفاق ہونے کے بعد آئندہ فیصلے کا باضابطہ اعلان متوقع ہے۔