فیفا ورلڈ کپ:فاتح ٹیم کو کتنے کروڑ ڈالر ملیں گے؟ جانیے
اس کے ساتھ ہی عالمی فٹبال تنظیم فیفا کی جانب سے ٹورنامنٹ کی ریکارڈ انعامی رقم کی تفصیلات بھی سامنے آ گئی ہیں، جن کے مطابق چیمپئن ٹیم کو تاریخ کی سب سے بڑی انعامی رقم یعنی 5 کروڑ امریکی ڈالر دیے جائیں گے، جبکہ رنر اپ ٹیم 3 کروڑ 30 لاکھ امریکی ڈالر کی حق دار ہوگی۔
امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے اس عالمی ایونٹ میں 48 ٹیموں نے حصہ لیا، جس کے باعث فیفا نے انعامی فنڈ بھی ریکارڈ سطح تک بڑھا دیا۔ فیفا کے مطابق دسمبر 2025 میں اعلان کیا گیا تھا کہ ورلڈ کپ 2026 کے لیے مجموعی انعامی فنڈ 65 کروڑ 50 لاکھ امریکی ڈالر رکھا گیا، جو ٹورنامنٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا انعامی پیکیج ہے۔
ٹورنامنٹ میں تیسری پوزیشن کے میچ میں انگلینڈ نے فرانس کو 6-4 سے شکست دے کر تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔ اس کامیابی پر انگلینڈ کو 2 کروڑ 90 لاکھ ڈالر انعامی رقم ملے گی، جبکہ چوتھے نمبر پر رہنے والی فرانس کی ٹیم کو 2 کروڑ 70 لاکھ ڈالر دیے جائیں گے۔
اب تمام نظریں فائنل مقابلے پر مرکوز ہیں، جہاں اسپین اور دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کی ٹیمیں عالمی اعزاز کے لیے آمنے سامنے ہوں گی۔ فاتح ٹیم نہ صرف ورلڈ کپ کی ٹرافی اپنے نام کرے گی بلکہ 5 کروڑ ڈالر کی خطیر انعامی رقم بھی حاصل کرے گی، جبکہ شکست کھانے والی رنر اپ ٹیم کو 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالر ملیں گے۔
فیفا کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی ناروے، بیلجیئم، مراکش اور سوئٹزرلینڈ کی ٹیموں کو ایک کروڑ 90 لاکھ ڈالر فی ٹیم دیے جائیں گے۔
اسی طرح نویں سے سولہویں پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں، جن میں میکسیکو، کولمبیا، برازیل، امریکا، پرتگال، کینیڈا، مصر اور پیراگوئے شامل ہیں، کو ایک کروڑ 50 لاکھ ڈالر فی ٹیم ملیں گے۔
سترہویں سے بتیسویں نمبر تک رہنے والی ٹیموں کے لیے ایک کروڑ 10 لاکھ ڈالر جبکہ تینتیسویں سے اڑتالیسویں پوزیشن تک ختم کرنے والی ٹیموں کے لیے 90 لاکھ ڈالر انعام مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ فیفا نے ہر شریک ٹیم کو ٹورنامنٹ سے قبل تیاریوں اور انتظامی اخراجات کے لیے 15 لاکھ ڈالر اضافی فراہم کیے۔
واضح رہے کہ 2022 کے فیفا ورلڈ کپ میں ارجنٹینا کو عالمی چیمپئن بننے پر 4 کروڑ 20 لاکھ ڈالر جبکہ 2018 کے ورلڈ کپ میں فرانس کو 3 کروڑ 80 لاکھ ڈالر انعامی رقم ملی تھی۔