دورہ سری لنکا کیلئے قومی ویمن ٹیم کا اعلان، بڑی تبدیلیاں
دونوں فارمیٹس کیلئے 15، 15 رکنی اسکواڈز کا انتخاب کیا گیا ہے، جبکہ کئی نئے کھلاڑیوں کو بھی قومی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
اعلان کردہ اسکواڈ کے مطابق ون ڈے سیریز میں قومی ٹیم کی قیادت فاطمہ ثناء کریں گی، تاہم ان کی عدم دستیابی کی صورت میں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں منیبہ علی کپتان کے فرائض انجام دیں گی۔ فاطمہ ثناء ون ڈے سیریز مکمل ہونے کے بعد انگلینڈ میں شیڈول دی ہنڈرڈ ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے روانہ ہوں گی۔
پی سی بی کے مطابق آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والے اسکواڈ کے مقابلے میں ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں نمایاں تبدیلیاں کی گئی ہیں، 8 نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا ہے۔
اسکواڈ میں ایمان نصیر، حمنہ بلال، ماہم انیس، مومنہ ریاست، نجیہہ علوی، شوال ذوالفقار، ام ہانی اور وحیدہ اختر کو شامل کیا گیا ہے۔
ایمان نصیر، ماہم انیس اور مومنہ ریاست کیلئے یہ دورہ خاص اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ انہیں پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کی نمائندگی کا موقع ملے گا، جبکہ ماہم انیس اور سائرہ جبین ون ڈے انٹرنیشنل میں بھی اپنے ڈیبیو کی منتظر ہیں۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہوگی، دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچز 23، 25 اور 28 جولائی کو کھیلے جائیں گے، جبکہ مجموعی دورہ 23 جولائی سے 4 اگست تک جاری رہے گا۔
قومی ون ڈے اسکواڈ میں فاطمہ ثناء (کپتان)، عائشہ ظفر، گل فیروزہ، ماہم انیس، مومنہ ریاست، منیبہ علی، نجیہہ علوی، نشرہ سندھو، صدف شمس، سائرہ جبین، سدرا امین، سیدہ عروب شاہ، تسمیہ رباب، ام ہانی اور وحیدہ اختر شامل ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کی قیادت منیبہ علی کریں گی، جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عائشہ ظفر، ایمان نصیر، ایمان فاطمہ، حمنہ بلال، ماہم انیس، مومنہ ریاست، نجیہہ علوی، نشرہ سندھو، سائرہ جبین، شوال ذوالفقار، تسمیہ رباب، طوبیٰ حسن، ام ہانی اور وحیدہ اختر شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستانی آل راونڈر محمد نواز کو سزا سنا دی گئی
کرکٹ ماہرین کے مطابق سری لنکا کا دورہ نوجوان کھلاڑیوں کیلئے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا اہم موقع ہوگا، جبکہ قومی ٹیم مینجمنٹ نئے امتزاج کے ساتھ بہتر کارکردگی دکھانے کی خواہاں ہے۔