ندا ڈار نے کرکٹ ٹیم میں واپسی کا اعلان کر دیا
ندا ڈار نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام کے ذریعے قومی ٹیم کیلئے دوبارہ دستیاب ہونے کا اعلان کیا۔
اپنے بیان میں ندا ڈار نے کہا کہ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران انہوں نے اپنی فٹنس، ذہنی مضبوطی اور کھیل پر توجہ مرکوز رکھنے کیلئے وقت لیا۔ اب وہ مکمل طور پر تیار ہیں اور پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کیلئے دوبارہ دستیاب ہیں۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ انہیں اپنی واپسی کا اعلان کرتے ہوئے بے حد خوشی محسوس ہو رہی ہے، مسلسل سخت محنت کر رہی ہوں اور جب بھی قومی ٹیم کو ان کی ضرورت ہوگی، وہ اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کیلئے میدان میں موجود ہوں گی۔
ندا ڈار نے اپنے پیغام میں ان تمام مداحوں، ساتھی کھلاڑیوں اور خیر خواہوں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے مشکل اور آسان ہر وقت میں ان کا ساتھ دیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مداحوں کی محبت اور اعتماد ہی ان کے لیے سب سے بڑی طاقت ہے۔
یہ بھی پڑھیں:جنوبی افریقہ اور چیکیا کے درمیان سنسنی خیز میچ 1-1 گول سے براب
کرکٹ ماہرین کے مطابق ندا ڈار کی واپسی پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے لیے انتہائی مثبت پیش رفت ہے۔ ان کا وسیع تجربہ اور آل راؤنڈ صلاحیتیں قومی ٹیم کو آنے والے بین الاقوامی مقابلوں میں مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔