ڈھاکا کے شیربنگلا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم بنگلادیش نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 115 رنز کا ہدف سولہویں اوور کی پہلی گیند پر 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
بنگلادیش کے نجم الحسین شنتو نے 27 رنز بنائے جبکہ تنزید حسن نے 67 رن کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور محمد وسیم نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں بنگلا دیش کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان کی پوری ٹیم مکمل اوورز بھی نہ کھیل سکی اور محض 30.1 اوورز میں صرف 114 رنز ہی بنا سکی، پاکستان کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور وکٹیں خزاں کے پتوں کی طرح گرتی رہیں۔
پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف 37 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ صاحبزادہ فرحان 27 رنز بنا کر آؤٹ ہو ئے، معاذ صداقت بھی اپنے کیرئیر کے پہلے میچ میں 18 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جبکہ شمائل حسین بھی صرف 4 رنز ہی بنا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کے شیڈول کا باضابطہ اعلان
پاکستانی وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان 10، سلمان آغا 5، حسین طلعت 4، شاہین آفریدی 4 رنز بنا کر چلتے بنے جبکہ عبدالصمد ، محمد وسیم جونیئر اور ابرار احمد بغیر کھاتہ کھولے ہی پویلین لوٹ گئے۔
بنگلادیش کے ناہید رانا نے ون ڈےکیرئیر کی بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے 24رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مہدی حسن میراز نے 29رن کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی کا کہنا تھا ہم اگر ٹاس جیتتے تو اس ٹریک پر پہلے بیٹنگ کا ہی فیصلہ کرتے، اس وکٹ پر 270 سے 280 تک ایک اچھا ٹوٹل ہو گا۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی جانب سے آج 4 کھلاڑیوں نے ون ڈے فارمیٹ میں ڈیبیو کیا ، صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، عبد الصمد اور شمائل حسین اپنے کیرئیرکا پہلا ون ڈے کھیل رہے تھے۔