آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں ابھی زندہ ہیں لیکن اس کے لیے آج پالی کیلے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں سری لنکا کی قومی ٹیم کے خلاف بڑی فتح ضروری ہے۔
آخری چار ٹیموں میں جگہ بنانے کے لیے پاکستان کو سری لنکا کو کم از کم 65 رنز سے شکست دینا ہوگی۔ اگر سری لنکا پہلے بیٹنگ کرتی ہے تو پاکستان کو ہدف 13 اوورز کے اندر حاصل کرنا ہوگا تاکہ نیٹ رن ریٹ بہتر کیا جا سکے۔ اس وقت نیوزی لینڈ کا نیٹ رن ریٹ 1.390 ہے جبکہ پاکستان کا نیٹ رن ریٹ منفی 0.461 ہے جس کی وجہ سے صورتحال نہایت مشکل ہو چکی ہے۔
ٹورنامنٹ کے دوران پاکستان کی درمیانی اوورز میں محتاط حکمت عملی کو تنقید کا سامنا رہا ہے۔ بابر اعظم کی بیٹنگ پوزیشن اور اسٹرائیک ریٹ پر بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں جبکہ کپتان سلمان آغا بطور بیٹر اور قائد مؤثر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں۔ اگر پاکستان گروپ مرحلے سے باہر ہو جاتا ہے تو قیادت کی تبدیلی پر بھی بحث چھڑ سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آپریشن غضب للحق: 297 افغان طالبان ہلاک، 450 سے زائد زخمی
اگرچہ سری لنکا سپر ایٹ مرحلے کی دوڑ سے پہلے ہی باہر ہو چکا ہے لیکن وہ اپنی مہم کا اختتام جیت کے ساتھ کر کے پاکستان کی امیدوں پر پانی پھیرنے کی کوشش کرے گا۔ نوجوان اسپنر دونتھ ویلالاگے پاکستان کے ٹاپ آرڈر کے لیے خطرہ ثابت ہو سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ یہ میچ آج شام پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے کھیلا جائے گا۔
پالی کیلے کی پچ اس سے قبل فاسٹ باؤلرز کے لیے مددگار ثابت ہوئی ہے اور کینڈی کے خشک موسم کے باعث ایک بار پھر ابتدائی اوورز میں گیند کو حرکت ملنے کا امکان ہے۔