بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق بھارتی کرکٹر شیکھر دھون نے ایک مختصر اور پرائیویٹ تقریب میں صوفی شائن سے شادی کی، شادی کی تقریب کا انعقاد دہلی کے علاقے این سی آر میں کیا گیا جس میں سابق کرکٹر کے قریبی عزیز و اقارب اور کرکٹ سے وابستہ چند دوستوں نے شرکت کی۔
رپورٹ کے مطابق شادی کی تقریب سے پہلے ہلدی اور سنگیت کی تقریبات بھی رقص اور خوشیوں سے بھرپور تھیں، جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں جبکہ شیکھر دھون نے سنگیت کی ایک جھلک فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر بھی مداحوں کیساتھ شیئر کی تھی۔
واضح رہے کہ 40 سالہ شیکھر دھون کی یہ دوسری شادی ہے، وہ اس سے پہلے عیشا مکھرجی کے ساتھ 11 سال تک رشتہ ازدواج میں منسلک رہے اور بعدازاں دونوں نے اکتوبر 2023ء میں ایک دوسرے سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: سابق قومی کرکٹر عماد وسیم دوسری بار رشتہ ازدواج میں منسلک
سابق بھارتی کرکٹر کی شادی کی خبر یں سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر ٹیم میٹس، مداحوں اور دیگر معروف شخصیات کی جانب سے انہیں مبارکباد وں کے پیغامات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
صوفی شائن کون ہیں؟
آئرلینڈ میں پیدا ہونے والی صوفی ’پروڈکٹ کنسلٹنٹ‘ ہیں اور اس وقت ابوظہبی میں ناردرن ٹرسٹ کارپوریشن میں بطور سیکنڈ وائس پریزیڈنٹ خدمات انجام دے رہی ہیں، صوفی شائن نے لمبرک انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے مارکیٹنگ اور مینجمنٹ میں ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔