بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب میچ کے دوران ڈرنکس بریک جاری تھی، مانک گپتا جو طویل عرصے سے امپائرنگ کے فرائض انجام دے رہے تھے، اپنے ایک ساتھی امپائر سے ملنے گئے تھے۔ اسی دوران اچانک مکھیوں کا ایک بڑا غول وہاں موجود افراد پر حملہ آور ہوگیا، مکھیوں کے ڈنک سے بچنے کیلئے لوگ ادھر اُدھر بھاگنے لگے۔
مرحوم کے بھائی امیت کمار گپتا نے بتایا کہ مکھیوں کے حملے سے بچنے کی کوشش میں مانک گپتا توازن برقرار نہ رکھ سکے اور زمین پر گر گئے، جس کے بعد مکھیوں نے انہیں گھیر لیا۔ دیگر افراد کو بھی ڈنک مارے گئے، تاہم مانک گپتا شدید حملے کی زد میں آئے۔ ان کے ساتھی امپائر جگدیش شرما کے مطابق عمر رسیدہ ہونے کی وجہ سے وہ تیزی سے نہ بھاگ سکے۔
یہ بھی پڑھیں:وسیم اکرم نے سیالکوٹ اسٹالینز سے راہیں جدا کر لیں
مانک گپتا تقریباً 30 برس سے کرکٹ امپائرنگ سے وابستہ تھے اور کانپور کرکٹ ایسوسی ایشن کے رکن بھی رہ چکے تھے، وہ اسٹیٹ پینل امپائر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے تھے اور کرکٹ کے حلقوں میں باوقار مقام رکھتے تھے۔
ان کے پڑوسی بھارتندو پوری نے کہا کہ مانک گپتا نے اپنی پوری زندگی کرکٹ کیلئے وقف کر رکھی تھی اور اپنے خاندان کی کفالت بھی اسی پیشے سے کی، اس افسوسناک واقعے پر کرکٹ برادری میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔