برازیل کی معروف فٹبالر کیتھلن سوزا نے اسلام قبول کر لیا
Kathleen Souza converts to Islam
فائل فوٹو
ریاض: (ویب ڈیسک) برازیل سے تعلق رکھنے والی خاتون فٹبالر کیتھلن سوزا نے اسلام قبول کر لیا،جس کے بعد انہوں نے عمرے کی سعادت بھی حاصل کی۔

ان کے قبولِ اسلام کی خبر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کیتھلن سوزا اس وقت سعودی عرب میں مقیم ہیں اور وہ معروف سعودی فٹبال کلب النصر کی خواتین ٹیم کی کپتان کی حیثیت سے نمائندگی کر رہی ہیں۔

کلب کی جانب سے مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ایکس پر باضابطہ اعلان کیا گیا کہ کیتھلن سوزا نے اسلام قبول کر لیا ہے اور اپنی قریبی دوستوں کے ہمراہ عمرہ ادا کیا۔

کلب کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں انہیں روحانی جذبات سے مغلوب اور آنسوؤں کے ساتھ دعا کرتے دیکھا جا سکتا ہے، جس نے مداحوں کو بھی جذباتی کر دیا۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور صارفین ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:جنوبی کوریا، سابق صدر کو بغاوت کے جرم میں عمر قید سزا

مداحوں کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ان کی ذاتی زندگی کا اہم موڑ ہے اور وہ ان کے اس روحانی سفر میں کامیابی کیلئے دعاگو ہیں۔

کھیلوں کی دنیا میں اس خبر کو خاص اہمیت دی جا رہی ہے، کیونکہ کسی بین الاقوامی کھلاڑی کا اسلام قبول کرنا اور مقدس مقامات کی زیارت کرنا ایک متاثر کن واقعہ سمجھا جا رہا ہے۔