پاکستان کا نمیبیا کیخلاف فیصلہ کن معرکہ آج ہوگا
Pakistan vs Namibia T20 World Cup 2026
فائل فوٹو
کولمبو: (ویب ڈیسک) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کے اہم ترین میچ میں پاکستان کا مقابلہ نمیبیا سے ہوگا، گرین شرٹس کیلئے یہ مقابلہ ڈو آر ڈائی حیثیت اختیار کر چکا ہے، کیونکہ سپر 8 مرحلے میں رسائی کیلئے فتح ناگزیر ہے۔

میچ سری لنکا کے شہر کولمبو میں دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا، قومی ٹیم ایونٹ میں اب تک غیر مستقل کارکردگی کا مظاہرہ کرتی رہی ہے، جس کے باعث آج کا میچ ٹورنامنٹ میں بقا کی جنگ بن چکا ہے، ذرائع کے مطابق ٹیم مینجمنٹ نے پلیئنگ الیون پر مشاورت مکمل کر لی ہے۔

کپتان سلمان آغا اور ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کو سینئر کھلاڑیوں بابر اعظم، شاہین آفریدی اور شاداب خان پر مکمل اعتماد ہے، تاہم اہم میچ کیلئے صاحبزادہ فرحان اور ابرار احمد کو ڈراپ کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ فخر زمان اور نسیم شاہ کی واپسی متوقع ہے، نوجوان بیٹر خواجہ نافع کو بھی موقع دینے پر غور کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پیپلزپارٹی کا چیئرمین پی سی بی کے استعفے کا مطالبہ

دوسری جانب موسم نے بھی قومی ٹیم کیلئے پریشانی بڑھا دی ہے، رپورٹس کے مطابق کولمبو میں بارش کا واضح امکان ہے، جس سے میچ متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ اگر بارش کے باعث مقابلہ متاثر ہوا تو پاکستان کی سپر 8 تک رسائی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔

شائقین کرکٹ کی نظریں آج کے اس سنسنی خیز معرکے پر جمی ہوئی ہیں، جہاں جیت ہی قومی ٹیم کو اگلے مرحلے میں پہنچا سکتی ہے۔