سینئر رہنما پاکستان پیپلزپارٹی نبیل گبول نے پارلیمنٹ کی راہداریوں میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی بات یہ ہے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے 25 پارلیمنٹیرینز سنبھل نہیں سکے ، انہوں نے پورے اسلام آباد کو ریڈ زون بنا دیا، پورے اسلام آباد میں نہ کوئی داخل ہو سکتا ہے نہ باہر نکل سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ محسن نقوی کے پاس وزارت داخلہ بھی ہے اور وہ چیئرمین پی سی بی کے عہدے پر بھی براجمان ہیں، اب کرکٹ کا دیکھ لیں کیا حال ہو گیا ہے، قومی کرکٹرز نے بھارت سے شکست کے بعد جو ہمارا منہ کالا کیا ہے اس پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو مستعفی ہو جانا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، بھارت نے پاکستان کو 61 رنز سے شکست دیدی
نبیل گبول نے کہا کہ وزارت داخلہ ایک اہم عہدہ ہے اسی طرح چیئرمین پی سی بی بھی ایک اہم عہدہ ہے، محسن نقوی ایک وقت میں دو اہم عہدوں کو سنبھال نہیں پار ہے، ان کو سوچنا چاہیے کہ وہ وزارت داخلہ اپنے پاس رکھیں یا چیئرمین پی سی بی کا عہدہ اپنے پا س رکھیں۔
رہنما پیپلزپارٹی کا مزید کہنا تھا کہ محسن نقوی اس وقت دونوں عہدوں پر ناکام دکھائی دے رہے ہیں، محسن نقوی اس وقت کولمبو میں ہیں، وہ کولمبو میں ٹھنڈی ٹھنڈی ہوائیں لیں، وہ وہیں رہیں تو زیادہ بہتر ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ٹی 20 ورلڈ کپ کے اہم میچ میں بھارت نے پاکستان کو باآسانی 61 رنز سے شکست دی تھی۔