ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: بھارت نے پاکستان کو 61 رنز سے شکست دیدی
آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ہائی وولٹیج ٹاکرے میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
فوٹو سکرین گریب
دمبولا: (سنو نیوز) آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ہائی وولٹیج میچ میں بھارت نے پاکستان کو 61 رنز سے شکست دے دی۔

کولمبو کے پریما داسا سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔

بھارت کی جانب سے ایشان کشن اور ابھیشیک شرما نے اننگ کا آغاز کیا تاہم شرما سلمان علی آغا کی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے کیچ آؤٹ ہو گئے، بھارتی اوپنر ایشان کشن نے 3 چھکوں اور 10 چوکوں کے عوض 40 گیندوں پر 77 رنز کی جارحانہ اننگ کھیلی۔

بھارتی بیٹر تلک ورما 24 گیندوں پر 25 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ ہاردک پانڈیا پہلی ہی گیند پر صائم ایوب کا شکار بنے اور کیچ تھما بیٹھے، سوریا کمار یادیو 29 گیندوں پر 32 جبکہ شیوم دوبے 17 گیندوں پر 27 رنز بنا پر پویلین لوٹے۔

بھارت کی جانب سے اکشر پٹیل نے بغیر کھاتہ کھولے ہی پویلین کی راہ لی جبکہ رنکو سنگھ نے 11 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کی ہٹ دھرمی برقرار، پاکستانی کپتان سے ہاتھ نہ ملایا

پاکستان کی جانب سے صائم ایوب نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ کپتان سلمان علی آغا، شاہین آفریدی اور عثمان طارق نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا،۔ 

بھارت کی جانب سے دیے گئے 176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی، پاکستان کی جانب سے عثمان خان کی 44 رنز کی اننگ میں بھی ٹیم کی کشتی کو پار نہ لگا سکی جبکہ شاہین آفریدی کے ناٹ آؤٹ 23 رنز بھی رائیگاں ہی گئے۔

پاکستان کی جانب سے صائم ایوب 6، کپتان سلمان علی آغا 4، بابر اعظم 5، شاداب خان 14، محمد نواز 4 اور فہیم اشرف 10 رنز بنا کر چلتے بنے، صاحبزادہ فرحان، ابرار احمد اور عثمان طارق بغیر کھاتہ کھولے ہی پویلین لوٹ گئے۔

بھارت کی جانب سے ہاردک پانڈیا، جسپریت بمراہ، اکشر پٹیل اور ورن چکرورتھی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کلدیپ یادیو اور تلک ورما نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس کو بھی پڑھیں: جے شاہ کی محسن نقوی کو پاک بھارت میچ دیکھنے کی درخواست

قبل ازیں ٹاس کے موقع پر آج بھی بھارت کی ہٹ دھرمی برقرار رہی، بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے ٹاس کے موقع پر پاکستانی کپتان سلمان علی آغا سے ہاتھ نہیں ملایا، یاد رہے کہ ایشیا کپ میں بھی بھارتی کپتان نے سلمان علی آغا سے ہاتھ نہیں ملایا تھا۔

علاوہ ازیں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی بھی پریما داسا انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں موجود تھے، محسن نقوی نے پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ دیکھا۔