روایتی حریف پاک بھارت ٹاکرے میں بارش کی انٹری کا خدشہ
آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے ہائی وولٹیج پاک بھارت ٹاکرے میں بارش کی انٹری کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
فائل فوٹو
کولمبو: (ویب ڈیسک) آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے ہائی وولٹیج پاک بھارت ٹاکرے میں بارش کی انٹری کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

شیڈول کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں گروپ اے کے اہم میچ میں 15 فروری بروز اتوار مدمقابل آئیں گی۔

اتوار کو شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا پاک بھارت ٹاکرے پر ایک بار پھر غیر یقینی کے بادل منڈلانے لگے ، اتوار کی شام کولمبو میں متوقع بارش نے ممکنہ طور پر میچ پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔

سری لنکن محکمہ موسمیات کی مختلف رپورٹس کے مطابق پاکستان اور بھارت کے مابین شیڈول میچ کے دن بارش اور گرج چمک کے ساتھ طوفان کا 50 فیصد امکان ہے، جبکہ شام 6 بجے کے قریب شہر میں 2.1 ملی میٹر بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا بھارت کیخلاف شیڈولڈ میچ کھیلنے کا فیصلہ

اگر میچ بارش کی نذر ہو جاتا ہے تو پاکستان اور بھارت دونوں کو ایک، ایک پوائنٹ دیا جائے گا تاہم شائقین یہی دعا کررہے ہیں کہ یہ ہائی وولٹیج ٹاکرا بارش کی نذر ہونے سے بچ جائے۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اب تک کھیلے جانے والے اپنے دونوں میچز میں فتح سمیٹ کر گروپ اے میں 4 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر قبضہ جما رکھا ہے۔