ٹی 20 ورلڈ کپ: پاکستان کے میچ کھیلنے سے انکار پر بھارتی کپتان کا ردعمل
آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار پر بھارٹی کرکٹ ٹیم کے سوریا کمار یادیو کا ردعمل سامنے آگیا۔
فائل فوٹو
ممبئی: (ویب ڈیسک) آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار پر بھارٹی کرکٹ ٹیم کے سوریا کمار یادیو کا ردعمل سامنے آگیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان سوریہ کمار یادیو نے گزشتہ روز آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل ممبئی میں ٹیموں کے کپتانوں کی میڈیا بریفنگ کے دوران پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا۔

پاکستان کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے بھارتی ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو نے کہا کہ پاکستان کے بائیکاٹ کے باوجود بھارتی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026ء کے گروپ اسٹیج میں پاکستان کے خلاف میچ کھیلنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کہ پاکستان سے میچ ہو یا نہ ہو ہم کولمبو ضرور جائیں گے، بھارتی ٹیم نے پاکستان کے ساتھ کھیلنے سے انکار نہیں کیا بلکہ انکار پاکستان کی جانب سے آیا ہے۔

سوریا کمار یادیو نے کہا کہ ا نٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے شیڈول بنایا پھر بی سی سی آئی اور بھارتی حکومت نے آئی سی سی کے ساتھ مشاورت سے نیوٹرل وینیو پر کھیلنے کا فیصلہ کیا، کولمبو کے لیے ہماری فلائٹ بک ہے اور ہم وہاں جا رہے ہیں آگے کیا ہوتا ہے یہ بعد میں دیکھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی 20 ورلڈ کپ، پاکستان کا بھارت کیخلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ

پاکستان کے خلاف میچ سے حوالے سے ٹیم کے ماحول پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری منصوبہ بندی بالکل واضح ہے، پہلے 7 فروری کا میچ، پھر 12 فروری کو نمیبیا سے اور اس کے بعد کولمبو روانگی۔

بھارتی ٹیم کے کپتان کا موجودہ صورتحال پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ فیصلہ میرے اختیار میں نہیں، اگر ہمیں 15 فروری کو پاکستان کے خلاف کھیلنے کے لیے کہا گیا تو ہم ضرور کھیلیں گے۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش کو ورلڈ کپ سے نکالنے پر پاکستان نے میگا ایونٹ میں شرکت کا اعلان تو کیا ہے تاہم احتجاجاً15 فروری کو بھارت کے خلاف کھیلے جانے والے میچ کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے بدھ کے روز ایک بار پھر اس مؤقف کی توثیق کی جبکہ قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ حکومتی ہدایات پر من و عن عمل کیا جائے گا۔