روٹی اور نان کی قیمتیں عید تک برقرار رکھنے کا اعلان
Roti price Pakistan
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) پاکستان نان بائی ایسوسی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ 30 رمضان تک روٹی اور نان کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔

  پاکستان نان بائی ایسوسی ایشن نے بڑھتے اخراجات کے باوجود عوام کو وقتی سہولت دیتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ روٹی اور نان کی موجودہ قیمتیں 30 رمضان تک برقرار رہیں گی۔

 یہ اعلان جنرل کونسل کے اجلاس کے بعد سامنے آیا جس میں راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، مری، تلہ گنگ اور ملحقہ علاقوں کے نمائندے شریک ہوئے جبکہ اجلاس کی صدارت مرکزی صدر شفیق قریشی نے کی۔

ایسوسی ایشن کے مطابق آٹا، گھی، ایل پی جی، بجلی، مزدوری اور تندوروں کے کرایوں میں مسلسل اضافے نے کاروبار کو سخت دباؤ میں ڈال دیا ہے، راہنماؤں کا کہنا ہے کہ تجارتی گیس سیلنڈر کی قیمت 16 ہزار روپے تک پہنچ چکی ہے اور دیگر اخراجات بھی روز بروز بڑھ رہے ہیں جس کے باعث موجودہ نرخ برقرار رکھنا مشکل ہو چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمت میں بڑی گراوٹ، ہزاروں روپے سستا

تنظیم نے واضح کیا کہ عید الفطر کے بعد روٹی اور نان کی قیمت میں 5 روپے جبکہ پراٹھا اور روغنی نان 10 روپے مہنگے ہوں گے، عہدیداروں نے خبردار کیا کہ اگر خام مال کے نرخ قابو میں نہ آئے تو کئی تندور بند ہونے کا خدشہ ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق 79 کلو آٹے کی بوری 7 ہزار 600 سے بڑھ کر 11 ہزار 700 روپے تک جا پہنچی ہے جبکہ میدے کی بوری 8 ہزار 200 سے بڑھ کر 12 ہزار 600 روپے ہوچکی ہے۔