رپورٹ کے مطابق پیٹرن انچیف پی ٹی آئی عمران خان کی میڈیکل رپورٹ ان کی فیملی نے اڈیالہ جیل حکام کی وساطت سے وصول کی۔
رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کو دائیں آنکھ میں بینائی کم ہونے کی شکایت تھی، سابق وزیراعظم کی آنکھ کا اڈیالہ جیل میں مکمل معائنہ کیا گیا، ماہر امراضِ چشم نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کی تفصیلی طبی جانچ کی۔
میڈیکل رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ طبی معائنے کے دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان کی دائیں آنکھ میں سینٹرل ریٹینل وین اوکلوژن کی تشخیص ہوئی، ماہرین نے اڈیالہ جیل حکام سے عمران خان کے ہسپتال میں فالو اَپ علاج کی سفارش کی۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان اور بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانتوں میں توسیع
رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کو ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب پمز منتقل کیا گیا، بانی پی ٹی آئی کا علاج ان کی رضامندی سے کیا گیا اور ان کو تجویز کردہ طریقہ علاج کامیاب رہا۔
میڈیکل رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا آپریشن تھیٹر میں علاج تقریباً 20 منٹ میں مکمل کیا گیا، بانی پی ٹی آئی علاج کے بعد مستحکم تھے اور علاج کے بعد معمول کی ہدایات کے ساتھ انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کر کے واپس اڈیالہ جیل بھجوا دیا گیا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹ ان کی فیملی کو دے دی گئی ہے، پمز ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ارسال کی تھی جو وزیراعظم کی ہدایت پر بانی پی ٹی آئی کے اہلِ خانہ کے حوالے کردی گئی ہے۔