حج ویزا کیلئے بائیومیٹرک مکمل کرانے کیلئے تاریخ مقرر
ترجمان وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ سعودی ویزا بائیو ایپ سے بائیو میٹرک مکمل کرنے کے لیے ڈیڈ لائن آٹھ فروری 2026 ہے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) ترجمان وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ سعودی ویزا بائیو ایپ سے بائیو میٹرک مکمل کرنے کے لیے ڈیڈ لائن آٹھ فروری 2026 ہے۔

وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ عازمین حج موبائل ایپ "سعودی ویزا بائیو" کے ذریعے گھر بیٹھے فنگر پرنٹ مکمل کریں، عازمین حج کی سہولت کے لیے تاشیر سینٹرز بھی ہفتہ اور اتوار صبح نو سے شام پانچ بجے تک کھلے رہیں گے۔

ترجمان نے کہا کہ عازمین حج رش سے بچنے کے لیے سعودی ویزا بائیو ایپ سے ہی فنگر پرنٹس مکمل کریں، بائیو میٹرک کے بغیر حج ویزا نہیں لگے گا، 80 سال سے زائد عمر کے عازمین حج کو بائیو میٹرک سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔

وزارت نے بتایا کہ سعودی حکومت کی جانب سے متعارف کردہ جدید سعودی ویزا بائیو ایپ عازمین کیلئے سب سے آسان اور ترجیحی طریقہ ہے، یہ ایپ موبائل پلے اسٹور سے بآسانی ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی حجاج کیلئے 3 حفاظتی ویکسین لگوانا لازمی قرار

عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایپ پر اپنی ای میل کے ذریعے رجسٹریشن کریں، پاسپورٹ اسکین کریں، سیلفی اپ لوڈ کریں اور دونوں ہاتھوں کے فنگر پرنٹس کی تصدیق کریں، تمام مراحل مکمل ہونے کے بعد عازمین کو ایک کنفرمیشن ای میل موصول ہوگی، جسے آئندہ حج پراسیس کیلئے محفوظ رکھنا ضروری ہے۔

عازمین کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آخری تاریخ کا انتظار کیے بغیر جلد از جلد بائیو میٹرک عمل مکمل کریں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی یا تاخیر سے بچا جا سکے۔