پاکستان کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کیلئے مزید غور کا فیصلہ
پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شمولیت کے لیے مزید غور کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان میگا ایونٹ میں شریک ہو گا یا نہیں اس حوالے سے حتمی فیصلہ جمعہ یا آئندہ پیر تک ہونے کا امکان ہے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شمولیت کے لیے مزید غور کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان میگا ایونٹ میں شریک ہو گا یا نہیں اس حوالے سے حتمی فیصلہ جمعہ یا آئندہ پیر تک ہونے کا امکان ہے۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے وزیراعظم شہباز شریف سے اہم ملاقات کی ہے جس میں بنگلہ دیش کے خلاف آئی سی سی کے متعصبانہ فیصلے سے پیدا صورتحال پر وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا، ملاقات میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے بنگلہ دیش کی بے دخلی پر مختلف احتجاجی آپشنز پر غور کیا گیا۔

وزیراعظم سے ملاقات کے دوران چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بتایا کہ 15 فروری کو کولمبو میں بھارت سے میچ نہ کھیلنے کا آپشن موجود ہے، بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے سے آئی سی سی کو بھاری مالی نقصان ہو گا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ورلڈ کپ میں شرکت کی صورت میں بھی پی سی بی آپشن اوپن رکھے گا، کھلاڑی بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کرمیچ کھیل سکتے ہیں، جیت بنگلادیشی فینز کے نام کرنے کی تجویز بھی زیرغور ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی 20 ورلڈ کپ کا نیا شیڈول جاری

محسن نقوی نے وزیراعظم سے ملاقات کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر ایک پیغام میں لکھا کہ احتجاج سے متعلق تمام آپشنز وزیراعظم کے سامنے رکھے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف نے تمام آپشنز سامنے رکھ کر معاملہ حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کا فیصلہ کر لیا ہے تاہم بنگلادیش کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر کرنے پر احتجاج کا فیصلہ کیا گیا ہے، پاکستان بذریعہ خط آئی سی سی کو اپنا احتجاج ریکارڈ کروائے گا۔