پی ایس ایل 11 کیلئے کھلاڑیوں کی نیلامی کی تاریخ کا اعلان
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کے لیے کھلاڑیوں کی نیلامی کی تاریخ کا اعلان کر دیا۔
فوٹو بشکریہ پی ایس ایل آفیشل سوشل میڈیا
لاہور: (سنو نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کے لیے کھلاڑیوں کی نیلامی کی تاریخ کا اعلان کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کے لیے کھلاڑیوں کی نیلامی آئندہ ماہ 11 فروری کو ہو گی، پلیئرز کی آکشن پاکستانی روپوں میں ہوگی۔

رواں برس ہونے والے پی ایس ایل کے گیارہویں ایڈیشن میں کھلاڑیوں کی نیلامی چار مختلف کیٹیگریز میں ہو گی، کھلاڑیوں کی سب سے نچلی کیٹیگری کی شروعات 60 لاکھ روپے سے ہو گی، تیسرے نمبر کی کیٹیگری میں کھلاڑیوں کی بولی ایک کروڑ دس لاکھ روپے سے شروع ہو گی۔

اسی طرح دوسرے نمبر کی کیٹیگری کے کھلاڑیوں کی بولی 2 کروڑ 20 لاکھ روپے سے شروع ہو گی جبکہ نمبر ون کیٹیگری میں بولی کا آغاز چار کروڑ 20 لاکھ روپے سے ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی 20 ورلڈ کپ کا نیا شیڈول جاری

ایک ٹیم میں 16 سے 20 کھلاڑی شامل ہوں گے جبکہ ہر ٹیم میں 5 سے 7 غیر ملکی کھلاڑیوں کو شامل کرنا لازمی ہو گا اور پلیئنگ الیون میں 3 سے 4 غیر ملکی کرکٹرز کھیلانا ہوں گے۔

اسی طرح اسکواڈ میں انڈر 23 کھلاڑیوں کی تعداد دو ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ پلیئنگ الیون میں ایک انڈر 23 کھلاڑی کو شامل کرنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے، فرنچائز کسی بھی ایک غیر ملکی کھلاڑی کو براہ راست سائن کرنے کی بھی مجاز ہو گی، آکشن کے ذریعے منتخب ہونے والے کھلاڑیوں کو 2 سالہ معاہدہ دیا جائے گا۔