آسٹریلیا کیخلاف ٹی 20 سیریز کیلئے قومی سکواڈ کا اعلان
Pakistan vs Australia T20 series
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آسٹریلیا کیخلاف آئندہ ٹی 20 سیریز کیلئے قومی ٹیم کے سکواڈ کا باضابطہ اعلان کر دیا۔

اس سیریز میں سلمان علی آغا کو قومی ٹیم کی قیادت سونپی گئی، بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی کی ٹی 20 ٹیم میں واپسی نے بھی شائقینِ کرکٹ کو خوش کر دیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلی جائے گی۔

سیریز کے میچز 29 اور 31 جنوری جبکہ تیسرا اور آخری میچ یکم فروری کو منعقد ہوگا۔ آسٹریلوی ٹیم 28 جنوری کو پاکستان پہنچے گی، جس کے بعد دونوں ٹیمیں بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گی۔

قومی سکواڈ میں تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کا متوازن امتزاج رکھا گیا، سلمان علی آغا (کپتان) کے ساتھ فخر زمان، صائم ایوب، بابر اعظم، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، فہیم اشرف، محمد وسیم جونیئر، محمد سلمان مرزا، ابرار احمد، محمد نواز، عثمان طارق، خواجہ محمد نافع، صاحبزادہ فرحان اور عثمان خان کو شامل کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ٹی 20 ورلڈ کپ: بنگلہ دیش کا ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا اعلان

کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی کی واپسی سے ٹیم کا مورال بلند ہوگا، سلمان علی آغا کیلئے یہ سیریز قیادت کے حوالے سے ایک بڑا امتحان ثابت ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب شائقینِ کرکٹ کو پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ایک سنسنی خیز اور دلچسپ سیریز کی توقع ہے، جس پر سب کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔