محمد رضوان سے میلبرن رینیگیڈز مینجمنٹ نے معذرت کرلی
Melbourne Renegades apology to Mohammad Rizwan
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) بگ بیش لیگ میں پاکستانی وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو ریٹائرڈ آؤٹ کرنے پر میلبرن رینیگیڈز کی ٹیم مینجمنٹ نے اپنے فیصلے پر معذرت کر لی۔

ذرائع کے مطابق ٹیم کے کپتان ول سدرلینڈ اور کوچ نے ذاتی طور پر محمد رضوان سے رابطہ کیا اور اپنے رویے پر افسوس کا اظہار کیا۔

کپتان ول سدرلینڈ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میچ انتہائی سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہو چکا تھا اور ٹیم پر دباؤ تھا، اسی وجہ سے جلد بازی میں فیصلہ کیا گیا۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ یہ فیصلہ درست نہیں تھا، میں اپنے رویے پر شرمندہ ہوں۔ کپتان نے محمد رضوان کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بہترین کھلاڑی ہیں اور دنیا بھر میں شائقین انہیں پسند کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بگ بیش لیگ کے ایک میچ میں کم اسٹرائیک ریٹ کی بنیاد پر محمد رضوان کو ریٹائرڈ آؤٹ قرار دے کر میدان سے باہر بلا لیا گیا۔ اس فیصلے پر نہ صرف محمد رضوان نے مینجمنٹ سے ناراضگی کا اظہار کیا بلکہ سوشل میڈیا پر بھی اس اقدام کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ کرکٹ شائقین اور سابق کھلاڑیوں نے اس فیصلے کو غیر ضروری اور کھلاڑی کی تضحیک قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں:ملتان سلطانز کی فروخت کیلئے باضابطہ اشتہار جاری

معاملہ بڑھنے کے بعد میلبرن رینیگیڈز مینجمنٹ کو احساس ہوا کہ اس فیصلے سے ٹیم کی ساکھ اور کھلاڑی کے احترام پر سوالات اٹھے ہیں۔ مینجمنٹ کی جانب سے معذرت کے بعد ماحول بہتر ہو گیا۔

کرکٹ حلقوں کا کہنا ہے کہ محمد رضوان جیسے تجربہ کار اور پروفیشنل کھلاڑی کے ساتھ ایسے فیصلوں میں احتیاط ضروری ہے، کیونکہ اس طرح کے اقدامات نہ صرف ٹیم بلکہ لیگ کی ساکھ پر بھی اثر انداز ہو سکتے ہیں۔