پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق ملتان سلطانز کی فروخت کے عمل کو شفاف اور مسابقتی بنانے کے لیے واضح طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔ دلچسپی رکھنے والی پارٹیز کو سب سے پہلے ٹیکنیکل پروپوزلز جمع کرانے ہوں گے، جن میں مالی اہلیت، انتظامی تجربہ، اسپورٹس مینجمنٹ کا پس منظر اور طویل مدتی سرمایہ کاری کے منصوبے شامل ہوں گے۔ ان دستاویزات کو جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 جنوری مقرر کی گئی، جس کے بعد پی سی بی کی جانب سے ان پروپوزلز کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے ممکنہ قومی سکواڈ سامنے آگیا
پی سی بی حکام کے مطابق صرف وہی بڈرز اگلے مرحلے میں داخل ہو سکیں گے جو تکنیکی معیار پر پورا اتریں گے۔ ٹیکنیکل اسکرونٹی کے بعد اہل قرار دیے گئے امیدواروں کو فنانشل بڈنگ کے مرحلے میں شامل کیا جائے گا، جہاں فرنچائز کی حتمی قیمت کا تعین مسابقتی بولی کے ذریعے کیا جائے گا۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ اس عمل کا مقصد نہ صرف فرنچائز کی بہتر مالی قدر حاصل کرنا ہے بلکہ لیگ کے مجموعی معیار اور ساکھ کو مزید مضبوط بنانا بھی ہے۔

واضح رہے کہ حال ہی میں پی سی بی نے ایک بڑے آکشن کے ذریعے پی ایس ایل کی دو نئی ٹیمیں فروخت کی ہیں، جس کے بعد پاکستان سپر لیگ کے دائرہ کار میں نمایاں توسیع ہوئی ہے۔ نئے فیصلے کے تحت پی ایس ایل 11 میں مجموعی طور پر 8 ٹیمیں حصہ لیں گی، جن میں حیدر آباد اور سیالکوٹ کی نئی فرنچائزز بھی شامل ہوں گی۔ اس توسیع سے لیگ کے میچز کی تعداد، نشریاتی حقوق کی قدر اور اسپانسرشپ کے مواقع میں اضافہ متوقع ہے۔