پی ایس ایل : دو نئی ٹیمیں سیالکوٹ 185، حیدرآباد 175 کروڑ میں فروخت
پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) میں دو نئی ٹیموں کا اضافہ ہو گیا، لیگ کے گیارہویں ایڈیشن میں 8 ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی۔
فوٹو بشکریہ پاکستان کرکٹ بورڈ
اسلام آباد: (سنو نیوز) پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) میں دو نئی ٹیموں کا اضافہ ہو گیا، لیگ کے گیارہویں ایڈیشن میں 8 ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی۔

پی ایس ایل میں دو نئی ٹیموں کی نیلامی کیلئے تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی، سوئنگ کے سلطان سابق کرکٹر وسیم اکرم نے نیلامی کے عمل کی میزبانی کی، تقریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی اور وفاقی وزرا سمیت بڑی تعداد میں کھلاڑی اور حکام شریک ہوئے۔

تقریب کے آغاز میں نیلامی میں حصہ لینے والے 9 بڈرز اور 6 ممکنہ شہروں کا تعارف کرایا گیا، اس کے بعد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے گھنٹی بجا کر نیلامی کھلنے کا باضابطہ اعلان کیا۔

پی ایس ایل کی ساتویں ٹیم کی نیلامی کے لئے بنیادی قیمت ایک ارب 10 کروڑ روپے رکھی گئی جبکہ بولی کا عمل ایک ارب 11 کروڑ سے شروع ہوا، ایف کے ایس نے ایک ارب 75 کروڑ روپے میں پی ایس ایل کی ساتویں ٹیم خرید لی اور ٹیم کا نام حیدر آباد رکھا۔

پاکستان سپر لیگ کی آٹھویں ٹیم کی نیلامی کے لئے بولی کا آغاز ایک ارب 71 کروڑ روپے سے ہوا، اوزی ڈویلپرز نے ایک ارب 85 کروڑ روپے کی کامیاب بولی دے کر ٹیم خرید لی اور ٹیم کے نام کے لئے سیالکوٹ کا انتخاب کیا۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ٹیم کے مالکان کے ساتھ حیدرآباد اور سیالکوٹ کے عوام کو مبارکباد دی اور کہا کہ اگلے دس سال میں پی ایس ایل کو بہت آگے لے جانا ہے، یہ ایک بہت بڑی کامیابی ہے، نئی فرنچائز کے مالکان نے پی سی بی پہ اعتماد کا اظہار کیا ہے اس کے لیے مشکور ہیں۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی پاکستان کے عوام کی کامیابی ہے، جن لوگوں نے اس عمل میں حصہ لیا ان کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں، یہ اعتماد پاکستان پہ اعتماد ہے، کرکٹ سے لگاؤ اور پاکستان سے محبت کا اظہار ہے، ہم سب مل کر اس ملک کو وہاں تک لے کر جائیں گے جو ہم نے ذہن میں خاکہ بنا رکھا ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پی سی بی، پی ایس ایل کے تمام ممبرز اور روڈ شوز میں حصہ لینے والے خصوصاً سلمان نصیر کو بھی مبارک باد دیتا ہوں، ان کی محنت کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا، آج کی جو بڈنگ ہوئی ہے اس سے 36 ارب روپے پی سی بی کو آئیں گے، آج کی نیلامی چند روز قبل پی آئی اے کی ہونے والی بڈنگ کا تسلسل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل کے گیارہویں ایڈیشن کی تاریخوں کا اعلان

ان کا کہنا تھا کہ مجھے فخر محسوس ہو رہا ہے کہ بڈنگ سے حاصل ہونے والی رقم کھیلوں کے فروغ پر خرچ ہو گی، پی ایس ایل فرنچائز کے فروخت پر پاکستانی فخر محسوس کر رہے ہیں، ٹیمیں خریدنے والے مالکان کو پی سی بی کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہیں۔

سی ای او پاکستان سپر لیگ سلمان نصیر کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل نے دس سال میں کئی سنگ میل عبور کیے، لیگ کی کامیابی میں فرنچائز اور سپانسرز کا کردار اہم رہا۔