حارث رؤف خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئے
پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف
یہ واقعہ گزشتہ روز بی بی ایل کے 14 ویں میچ کے دوران پیش آیا/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک): بگ بیش لیگ میں میلبرن اسٹارز کی نمائندگی کرنے والے پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئے، جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز بی بی ایل کے 14 ویں میچ کے دوران پیش آیا، جہاں میلبرن اسٹارز اور سڈنی تھنڈرز کی ٹیموں کے درمیان میچ تھا، میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حارث رؤف نے صرف 29 رنز کے عوض 3 اہم کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور مین آف دی میچ کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔

بگ بیش لیگ کے میچ کے دوران ایک ایسا لمحہ آیا جس نے میدان میں موجود کھلاڑیوں، کمنٹیٹرز اور ناظرین کے دل دہلا دیئے، سڈنی تھنڈرز کی اننگز کے آخری اوور کی چوتھی گیند پر ریس ٹوپلی نے زور دار شاٹ کھیلا، جس کے نتیجے میں گیند فضا میں بلند ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں: سری لنکا کیخلاف ٹی 20 سیریز کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان

کیچ کرنے کے لیے شارٹ تھرڈ مین پوزیشن پر موجود حارث رؤف اور ڈیپ پوائنٹ پر کھڑے ہلٹن کارٹرائٹ نے دوڑ لگائی، دونوں کھلاڑیوں نے فل لینتھ ڈائیو لگائی اور چند لمحوں کے لیے ایسا محسوس ہوا کہ دونوں سر کے بل ایک دوسرے سے ٹکرا جائیں گے۔

خوش قسمتی سے دونوں کھلاڑی ایک بڑے حادثے سے بال بال محفوظ رہے، تاہم یہ منظر اس قدر خوفناک تھا کہ کمنٹیٹرز بھی لمحہ بھر کے لیے سہم گئے۔ کمنٹری باکس سے کہا گیا کہ یہ واقعہ انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتا تھا اور اس کے نتیجے میں کوئی بڑا نقصان ہوسکتا تھا۔

واقعے کے بعد دونوں کھلاڑیوں نے فوری طور پر ایک دوسرے کا حال دریافت کیا اور کھیل دوبارہ شروع کردیا گیا۔ خوش قسمتی سے کسی کو چوٹ نہیں آئی، تاہم اس واقعے نے فیلڈنگ کے دوران رابطے اور احتیاط کی اہمیت کو ایک بار پھر اجاگر کردیا۔