قومی ٹیم 4 اور 5 جنوری 2026 کو مرحلہ وار سری لنکا روانہ ہوگی، ٹیم کی قیادت سلمان علی آغا کریں گے۔ اسکواڈ میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا متوازن امتزاج رکھا گیا ہے۔ وکٹ کیپر بلے باز خواجہ محمد نافع کو پہلی بار ٹی 20 اسکواڈ میں شامل کیا گیا۔
اسکواڈ کی سب سے نمایاں خبر آل راؤنڈر شاداب خان کی واپسی ہے، جو کندھے کی سرجری کے بعد ایک بار پھر ٹی 20 ٹیم کا حصہ بن گئے ہیں، ان کی واپسی سے ٹیم کے مڈل آرڈر اور بولنگ اٹیک کو تقویت ملنے کی توقع ہے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تینوں ٹی 20 میچز دمبولا میں کھیلے جائیں گے، جو بالترتیب 7، 9 اور 11 جنوری کو منعقد ہوں گے۔ اسکواڈ میں سلمان علی آغا، فخر زمان، صائم ایوب، نسیم شاہ، محمد نواز، فہیم اشرف، ابرار احمد، محمد وسیم جونیئر، صاحبزادہ فرحان اور دیگر کھلاڑی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں کیلئے 12 پارٹیوں کی بڈنگ
واضح رہے کہ بگ بیش لیگ میں مصروف بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف اس سیریز میں شرکت نہیں کریں گے۔
یہ سیریز آئندہ ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں انتہائی اہم قرار دی جا رہی ہے، جس کے نتائج مستقبل کے بڑے ایونٹ کیلئے اسکواڈ کے انتخاب میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔