وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے انڈر 19 ایشیا کپ جیتنے والی ٹیم کے اعزاز میں ظہرانہ دیا اور ٹیم کے ہر کھلاڑی کیلئے ایک، ایک کروڑ روپے اور ٹیم مینجمنٹ کے ہر رکن کیلئے 25، 25 لاکھ روپے کا اعلان کیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے علی رضا اورسمیرمنہاس کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ ایشیاکپ کی فاتح ٹیم نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے، ٹیم،انتظامیہ اورکرکٹ بورڈ کی کاوشیں تعریف کے لائق ہیں، ٹیم کی کامیابی میں تمام کھلاڑیوں،کوچز اور دیگر سٹاف کی کاوشیں شامل ہیں۔
محمد شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ آپ کو شاندار فتح پر مبارکباد دیتا ہوں، عبدالسبحان سمیت سب نے اچھا کھیل پیش کیا، بھارت کےساتھ جنگ میں اللہ تعالیٰ نےپاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا، ایشیا کپ میں فتح سے قوم نے بھرپور خوشیاں منائیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ انڈر 19 ٹیم کی جیت ہمارے لیے بڑا اعزاز اور تاریخی دن تھا، کل بھی بھارت کی ٹیم نے ہمارےکھلاڑیوں کو اکسایا، ہم سیاست اورکھیل کو الگ رکھنا چاہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کو شکست، پاکستان انڈر 19 ایشیا کپ کا چیمپئن بن گیا
اعلامیہ کے مطابق ٹیم کے کپتان اور کھلاڑیوں نے انعامات کے اعلان پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا، کپتان انڈر 19 ٹیم نے کہا کہ پی سی بی کی جانب سے بھرپور تعاون ملا، کوچز نے کیمپس کے دوران بھرپور محنت کرائی۔
بعدازاں بھارت کوشکست دینےوالی انڈر 19 ٹیم کے مینٹور اور کپتان نے کوچ کےہمراہ پریس کانفرنس بھی کی۔
انڈر 19 ٹیم کے مینٹور سرفراز احمد نے کہا کہ کھلاڑیوں نے بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، کھلاڑیوں نے بھارت کو شکست دے کر قوم کی عزت میں اضافہ کیا، امید ہے یہ ٹیم مستقبل میں مزید کامیابیاں سمیٹے گی، انڈر 19 ایشیا کپ جیتنے پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
کوچ انور شاہد کا کہنا تھا کہ بلاخوف کرکٹ کھیلنے کا پلان بنایا تھا،17 جون سے 70 کھلاڑیوں سے ٹیلنٹ ہنٹ کا سلسلہ شروع کیا، ہر کھلاڑی کو چار چار میچز دیئے گئے، پرفارمنس دینے والے کھلاڑیوں کو کیمپ میں مدعو کیا گیا، کیمپ میں سابق کرکٹرز نے بھی شرکت کی۔