بھارت کو شکست، پاکستان انڈر 19 ایشیا کپ کا چیمپئن بن گیا
پاکستان نے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل معرکے میں بھارت کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی۔
فوٹو بشکریہ پی سی بی
دبئی: (سنو نیوز) پاکستان نے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل معرکے میں بھارت کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی۔

پاکستان کی جانب سے دیے گئے 348 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت کی پوری ٹیم 26.2 اوورز میں صرف 156 رنز بنا کر ہی پویلین لوٹ گئی۔

بھارت کی جانب سے دیپیش دیویندرن 36 رنز کیساتھ نمایاں رہے، سوریا ونشی 26، ارون پٹیل 19، ارون جارج 16 رنز بنا کر چلتے بنے جبکہ کنشک چوہان اور ویدانت چوہان 9، 9 رنز ہی بنا سکے۔

پاکستان کی جانب سے علی رضا نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ محمد صیام، عبدالسبحان اور حذیفہ احسن نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

قبل ازیں انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، تاہم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا، پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز سکور کیے اور بھارت کو جیت کے لیے 348 رنز کا ہدف دیا۔

بھارت کے خلاف سمیر منہاس نے 17 چوکوں اور 9 چھکوں کی مدد سے 172 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی، انہوں نے 103 رنز محض 71 گیندوں پر بنائے، سمیر اس ٹورنامنٹ کے ٹاپ سکورر ہیں۔

اس کے علاوہ احمد حسین نے 56، عثمان خان نے 35، کپتان فرحان یوسف نے 19 اور حمزہ ظہور نے 18رنز سکور کیے جبکہ محمد صیام نے 13 اور نقاب شفیق نے 12 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی۔

بھارت کی جانب سے دپیش دیوندرن نے 3، کھیلان پٹیل اور ہینل پٹیل نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

خیال رہے کہ پاکستان 2 بار آئی سی سی انڈر 19ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیت چکا ہے لیکن اب تک انڈر 19 ایشیا کپ کا فاتح نہیں بنا تھا تاہم 2012 کے انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان، بھارت کے ساتھ مشترکہ طور پر چیمپئن رہا تھا۔