بابر اعظم نے ٹی 20 میں ویرات کوہلی کا ریکارڈ برابر کر دیا
Babar Azam record
فائل فوٹو
راولپنڈی: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹر اور سابق کپتان بابر اعظم نے ایک بار پھر ٹی 20 کرکٹ میں اپنی شاندار کارکردگی سے دنیا بھر کے مداحوں کو متاثر کر دیا۔

سہ فریقی ٹی 20 سیریز کے اہم میچ میں زمبابوے کیخلاف نصف سنچری جڑ کر بابر اعظم نے ٹی 20 بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے کا ویرات کوہلی کا ریکارڈ برابر کر دیا۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز کا مضبوط مجموعہ کھڑا کیا۔ اس کامیابی میں دو کھلاڑیوں کا کردار نمایاں رہا، اوپنر صاحبزادہ فرحان اور بابر اعظم۔ دونوں نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو ایک بڑے ہدف سے دوچار کیا۔

بابر اعظم نے 52 گیندوں پر 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 74 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، یہ ان کے ٹی 20 کیریئر کی 38 ویں نصف سنچری تھی، جو اس فارمیٹ میں ویرات کوہلی کے برابر سب سے زیادہ ففٹیز بھی ہیں۔ بابر نے یہ اعزاز 134 میچوں کی 127 اننگز میں حاصل کیا، جبکہ کوہلی نے 125 میچوں میں 38 نصف سنچریاں بنائی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں:ٹرائی نیشن سیریز، چوتھے ٹی 20 میں زمبابوے کو پاکستان کے ہاتھوں شکست

ذہن نشین رہے کہ بابر اعظم اس وقت ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں 4 ہزار 392 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی بلے باز بھی بن چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ 3 سنچریوں کے ساتھ 50 یا اس سے زائد رنز کی سب سے زیادہ اننگز کھیلنے کا بھی ریکارڈ رکھتے ہیں۔

دوسری جانب نصف سنچریوں کی فہرست میں بھارت کے روہت شرما 32 ففٹیز کے ساتھ تیسرے اور پاکستان کے محمد رضوان 30 نصف سنچریوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔ بابر اعظم نے ٹی 20 فارمیٹ میں سب سے زیادہ 464 چوکے لگانے کا اعزاز بھی اپنے نام کر رکھا ہے۔