راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میں پاکستان کی جانب سے دیے گئے 196 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی پوری ٹیم صرف 19 اوورز کھیل کر 126رنز ہی بنا سکی۔
زمبابوے کی جانب سے ریان برل 67 رنز بنا کر نمایاں رہے ، کپتان سکندر رضا 23 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ دیگر کوئی کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکا۔
مہمان ٹیم کے بریئن بیننٹ 9، واناشی مرومانی 4، برینڈن ٹیلر 8، ٹونی من یونگا ایک اور براڈ ایوانس 2 اور ٹینڈو ماپوسا 3 رنز بنا کر چلتے بنے جبکہ تاشنگا موسیکاوا اور ولنگٹن مسکازادا نے بغیر کھاتہ کھولے ہی پویلین کی راہ لے لی۔
پاکستان کی جانب سے عثمان طارق نے 4 اور محمد نواز نے 2 کھلاڑیوں کو چلتا کیا جبکہ نسیم شاہ، محمد وسیم جونیئر اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 195رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے سٹار بلے باز بابر اعظم 52 گیندوں پر 74 رنز بنا کر نمایاں رہے، ان کی اننگ میں 2 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے، اوپنر بیٹر صاحبزادہ فرحان نے 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی بدولت 41 گیندوں پر 63 رنز کی اننگ کھیلی۔
میزبان پاکستان کے بلے صائم ایوب 13 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ فہیم اشرف 3 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جبکہ محمد نواز 4 گیندوں پر 4 رنز ہی بنا پائے، فخر زمان 10 گیندوں پر 27 اور کپتان سلمان آغا ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
زمبابوے کی جانب سے کپتان سکندر رضا نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ براڈ ایوانس نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ سیریز میں پاکستان ٹیم تین میچز کھیل چکی ہے اور تینوں میں ہی ناقابل شکست رہ کر پوائنٹس ٹیبل پر 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہے اور زمبابوے 2 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہے جبکہ سری لنکا ٹیم سیریز میں تاحال کسی میچ میں فتح کا مزہ نہیں چکھ سکی۔